یومِ پاکستان 23 مارچ کے موقع پر وزیر تعلیم خیبرپختونخوا فیصل خان ترکئی کا پیغام

صوبائی وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے یومِ پاکستان کے موقع پر پوری قوم، بالخصوص خیبرپختونخوا کے عوام اور طلبہ و اساتذہ کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔انہوں نے کہا کہ 23 مارچ 1940 کا دن ہماری تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل ہے، جب برصغیر کے مسلمانوں نے ایک آزاد اسلامی ریاست کے قیام کا متفقہ فیصلہ کیا۔ یہ دن ہمیں اتحاد، جدوجہد اور عزمِ صمیم کی یاد دلاتا ہے، جو ہمارے آباؤ اجداد نے پاکستان کے قیام کے لیے کیا۔وزیر تعلیم نے کہا کہ ترقی یافتہ اور خوشحال پاکستان کی بنیاد ایک مضبوط تعلیمی نظام ہے۔ یہی وہ راستہ ہے جو ہمیں ایک جدید، خودمختار اور ترقی یافتہ قوم بنانے میں مدد دے سکتا ہے۔ ہمیں اپنے تعلیمی اداروں میں ایسا نصاب اور ایسا تعلیمی ماحول فراہم کرنا ہوگا جو ہمارے بچوں میں حب الوطنی، تحقیق اور جدت طرازی کے جذبے کو فروغ دے۔انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا ہوگا کہ ہم پاکستان کو علم و تحقیق کا گہوارہ بنائیں گے اور اپنے نوجوانوں کو جدید دنیا کے تقاضوں سے ہم آہنگ بہترین تعلیم فراہم کریں گے۔ تعلیم ہی وہ بنیادی ستون ہے جس پر ایک مضبوط اور خوشحال قوم کی تعمیر ممکن ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت تعلیمی شعبے کی ترقی کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے، تاکہ ہر بچے کو معیاری تعلیم تک رسائی حاصل ہو اور وہ پاکستان کے روشن مستقبل میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔وزیر تعلیم نے اس موقع پر اساتذہ، طلبہ اور والدین پر زور دیا کہ وہ قومی تعمیر و ترقی کے اس مشن میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور پاکستان کو ایک عظیم، ترقی یافتہ اور پرامن ملک بنانے میں اپنا حصہ ڈالیں۔
پاکستان زندہ باد!

مزید پڑھیں