خیبر پختونخوا کے وزیر حج، اوقاف اور مذہبی امور صاحبزادہ عدنان قادری نے کہا ہے کہ اصلاح معاشرہ اور امن و امان کے قیام میں علماء کا کردار انتہائی اہم ہے لہذا علماء متحد ہو کر مثالی اور انصاف پر مبنی معاشرے کے قیام کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ یہ بات انہوں نے اوقاف کمیٹی روم میں متحدہ علماء بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر سیکرٹری محکمہ اوقاف عادل صدیق اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ علماء کرام کے کردار و اخلاق سے انکار ناممکن ہے، علماء کرام خطباء کرام کا معاشرے کی اصلاح میں اپنا ایک رول ہے، موجودہ صوبائی حکومت علماء کرام کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے لہذا ان کی مالی مشکلات سمیت دیگر تمام مسائل حل کرنے کے سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، مدارس کی ترقی اور علماء کرام کی فلاح و بہبود اولین ترجیح ہے۔ علماء کرام نے صوبائی وزیر کا دینی مدارس کی ترقی اور علماء و خطباء کرام کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کرنے اور حالیہ قومی سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے انعقاد پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔