خیبر پختونخوا کے وزیر لائیو سٹاک، فشریز و کوآپریٹیو فضل حکیم خان نے کہا ہے کہ موجودہ ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال کو دیکھتے ہوئے یہ بات روزِ روشن کی طرح عیاں ہے کہ پاکستان کو اس وقت ایک دلیر اور عوامی قائد عمران خان کی اشد ضرورت ہے پاکستان تحریکِ انصاف کے عمران خان وہ واحد لیڈر ہیں جو ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں انہوں نے کہا کہ ملک ایک نازک دوراہے پر کھڑا ہے جہاں معاشی بدحالی، انصاف کی عدم فراہمی اور عوامی بیچینی نے جنم لیا ہے ایسے میں عمران خان کی قیادت، اُن کا وژن اور اُن کی عوامی مقبولیت پاکستان کو ایک نئے راستے پر گامزن کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ عمران خان کو فوری طور پر رہا کیا جائے تاکہ ملکی سیاست میں بھرپور کردار ادا کرسکیں ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے اپنے دفتر میں مختلف وفود سے ملاقات کے موقع پر کیا اس موقع پر صوبائی وزیرفضل حکیم خان نے اپنے دفتر میں مختلف عوامی وفود سے ملاقاتیں کیں جنہوں نے اپنے اپنے علاقوں کے مسائل سے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا۔ وفود نے بنیادی سہولیات، ترقیاتی کاموں میں پیش رفت، اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق متعدد امور پر گفتگو کی۔صوبائی وزیر نے مسائل غور سے سنے اور ان کے فوری حل کیلئے متعلقہ محکموں کے افسران کو واضح ہدایات جاری کیں۔ فضل حکیم خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور ہم عوام کے مسائل کے حل کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے انہوں نے کہا کہ قائد عمران خان ہمارے قائد ہیں جنہوں نے قوم کو خودداری، حریتِ فکر اور انصاف کا شعور دیا انہوں نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں ہم نے ہمیشہ اصولی سیاست کی ہے اور آئندہ بھی عوامی خدمت کے مشن کو جاری رکھیں گے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ہم اپنے قائد عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کے مفاد میں ہر قسم کی قربانی کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ایک نظریاتی جماعت ہے اور اس کے کارکنان ہر آزمائش میں ثابت قدم رہے ہیں۔انہوں نے کارکنان اور عوام سے اپیل کی کہ وہ سازشوں اور منفی پراپیگنڈے پر کان نہ دھریں اور عمران خان کے وژن کے مطابق پاکستان کو ایک مضبوط، خوشحال اور خوددار ملک بنانے کے لیے تحریک انصاف کا ساتھ دیں۔