حکومت خیبرپختونخوا نے شہید صحافی ارشد شریف کی یاد کو تازہ رکھنے کے لیے

حکومت خیبرپختونخوا نے شہید صحافی ارشد شریف کی یاد کو تازہ رکھنے کے لیے خیبرپختونخوا کی کسی ایک جامعہ میں قائم شعبہ صحافت کو ان کے نام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں وزیراعلی خیبرپختونخوا کی جانب سے باقاعدہ طور پر محکمہ اعلی تعلیم کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ مذکورہ ہدایات پر منگل کو بیان جاری کرتے ہوئے خیبرپختونخوا کے وزیر برائے اعلی تعلیم، آرکائیوز و لائبریریز مینا خان آفریدی نے کہا کہ وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی جانب سے شہید ارشد شریف کی یاد کو تازہ رکھنے کی ہدایت پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ایک جامعہ کے شعبہ جرنلزم و ماس کمیونیکیشن کو صحافی ارشد شریف کے نام کرنے کی ہدایت ملی ہے۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ وزیر اعلی خیبرپختونخوا نے ایک ٹی وی شو کے دوران صحافی ارشد شریف کے حوالے سے ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ہدایات کی روشنی میں جامعہ پشاور کے شعبہ جرنلزم و ماس کمیونیکیشن کو صحافی ارشد شریف کے نام کریں گے۔ مزید تفصیلات شئیر کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ وزیر اعلی خیبرپختونخوا کی ہدایات پرایمرجنسی بنیادوں پر کام شروع کر رہے ہیں کیونکہ پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جو ہر مکتبہ فکر کی ترجمانی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں حقیقی جمہوریت کی بحالی میں صحافیوں کا کردار مسلمہ ہے۔

مزید پڑھیں