وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر سیاحت، ثقافت، آثارقدیمہ و عجائب گھر خیبرپختونخوا زاہد چن زیب کی ہدایات پر وادی اپرچترال میں ہرچین کے مقام پر شندور ونٹر سپورٹس مقابلوں کا آغاز ہوگیا۔ مقابلوں میں پہلے مرحلے میں چترال لوئر اور چترال اپر سے 100 سے زائد لڑکے اور لڑکیاں شریک ہیں جن میں مابین پہلے روزمختلف تربیتی سیشنز کا انعقاد کیا گیا۔ شندور ونٹر سپورٹس چیلنج مقابلے خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی، ونٹر سپورٹس فیڈریشن، چترال سکاؤٹس اور ضلعی انتظامیہ اپرچترال کے باہمی اشتراک سے منعقد کئے جارہے ہیں۔ مشیر سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب کا اس موقع پر کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں سیاحت کے فروغ کیلئے ونٹر سپورٹس مقابلوں کا آغاز کیا گیا ہے۔ شندور گراؤنڈ موسم گرما میں صرف شندور پولو فیسٹیول کیلئے بین الاقوامی سطح پر جانا جاتا ہے تاہم صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ موسم سرما میں شندور کی منجمد جھیل پر آئس ہاکی، کرلنگ اور سپیڈ سکیٹنگ کے مقابلوں کا انعقاد کررہے ہیں تاکہ شندور گراؤنڈ پورا سیزن سیاحت کے فروغ کیلئے جانا جائے۔ شندور آئس سپورٹس مقابلوں میں 45 سے زائد خواتین کھلاڑی بھی شریک ہیں جبکہ پہلی بارچترال کی مختلف وادیوں گبورگرم چشمہ، کیلاش، مداقلشت،بونی،پرواک، یارخونلشٹ، ہرچین اور دیگر علاقوں سے 100 سے زائد کھلاڑی شریک ہیں۔ پہلے مرحلے میں ان کھلاڑیوں کیلئے ہرچین میں تربیتی سیشنز رکھے گئے ہیں جس کے بعد ان کے مابین آئس ہاکی، کرلنگ اور سپیڈ سکیٹنگ کے میچز منعقد کئے جائینگے جن سے فائنل ٹیم کا انتخاب کیا جائے گاجس کے دوسرے مرحلے میں شندور ٹاپ پر 28 دسمبر کو فائنل میچز میں یہ کھلاڑی ایکشن میں نظر آئینگے۔ خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی ونٹر سپورٹس فیڈریشن کے ساتھ گزشتہ تین سالوں سے نہ صرف انہیں ونٹر سپورٹس سامان فراہم کررہا ہے بلکہ ان کھلاڑیوں کیلئے تربیتی سیشنز اور گیمز کا بھی باقاعدگی سے انعقاد کرتا رہا ہے۔