*وفاقی حکومت نے اپنے وعدے کے مطابق این ایف سی کی مد میں ضم اضلاع کے لیے فنڈز جاری نہیں کیے، معاون خصوصی برائے جنگلات پیر مصور خان *

وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے جنگلات، ماحولیات، جنگلی حیات و موسمیاتی تبدیلی پیر مصور خان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے اپنے وعدے کے مطابق این ایف سی کی مد میں ضم اضلاع کے لیے فنڈز جاری نہیں کیے،صوبائی حکومت اپنے دستیاب وسائل کو بروئے کار لاکر ضم اضلاع کی ترقی کے لئے اقداما ت اٹھارہی ہے، ضم اضلاع سمیت پورے صوبے کی ترقی کے لیے کوشاں ہے، ان خیالات کا اظہار انھوں نے لنڈی کوتل ضلع خیبر میں موسم بہار شجرکاری مہم کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر خیبر احسان اللہ، کنزرویٹر فارسٹ حیات اللہ، اسسٹنٹ کمشنر لنڈی کوتل،محکمہ جنگلات کے دیگر افسران سمیت مقامی سکولوں کے طلبا اور لوگ بھی کثیر تعداد میں موجود تھے، اس موقع پر موسم بہار شجرکاری مہم کے تحت محکمہ جنگلات کے اہلکار وں اور مقامی سکولوں کے طلبا نے ملکر مختلف انواع کے 2200 پودے لگائے جبکہ مقامی لوگوں کو شجرکاری کے لئے مزید 10 ہزار پودے دئیے جائینگے، معاون خصوصی پیر مصور خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک کو موسمیاتی تبدیلی جیسے چیلنج کا سامنا ہے جس سے نبردآزما ہونے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھارہے ہیں، انھوں نے کہا کہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے خیبرپختونخوا کو جنگلات سمیت دیگر بے شمار قدرتی وسائل سے نوازا ہے، صوبے میں جنگلات کے فروغ اور تحفظ کے لئے بانی چیئرمین عمران خان کے ویژن کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی بھرپور حمایت حاصل ہے، ضلع خیبر میں نگہبان فورس کے 225 اہلکاروں کو چھ ماہ کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے فنڈز جاری ہوچکے ہیں، جلد ہی انھیں تنخواہیں مل جائیں گی،انھوں نے موقع پر موجود کنزرویٹر فارسٹ کو ہدایات جاری کیں کہ مقامی لوگوں کے ساتھ بیٹھ کر انکی تجاویز کو سنیں اور انھیں ضرورت کے مطابق پودے فراہم کئے جائیں، مقامی مشران اور لوگوں کی رائے کا احترام کیا جائے گا، معاون خصوصی نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی کہ ضلع خیبر کے ضلعی ایجوکیشن افسران کے اجلاس منعقد کریں، سکولوں اور دیگر سرکاری عمارتوں میں پودے لگائے،انھوں نے مقامی لوگوں پر زور دیا کہ جنگلات کے تحفظ کے لئے حکومت کا ساتھ دیں کیونکہ کسی بھی شعبے میں ترقی کے لئے عوام کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے، معاون خصوصی پیر مصور خان نے ٹمبر اسمگلنگ اور جنگلات کی کٹائی پر بات کرتے ہوئے کہا اس سلسلے میں زیرو ٹالیرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے، ٹمبر اسمگلنگ میں ملوث افراد ا پنا قبلہ درست کریں بصورت دیگر انکے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ تقریب کے آخر میں معاون خصوصی پیر مصور خان نے محکمہ جنگلات کے اہلکاروں کو بہترین کارکردگی پر شیلڈز بھی دیں، بعد ازاں معاون خصوصی برائے جنگلات پیر مصور خان نے تاریخی مچنی پوسٹ کابھی دورہ کیا جہاں انھیں خیبر پاس سمیت دیگر تاریخی مقامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

مزید پڑھیں