محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کا تعلیم دوست نیا اقدام، ”منسٹر اِن اے کلاس” کا آغاز

محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کی جانب سے صوبے کے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے اور طلباء کے مسائل کو براہ راست سمجھنے کے لیے ایک نئے اقدام ”منسٹر اِن اے کلاس” کا آغاز کیا ہے۔ اس سلسلے میں وزیر تعلیم خیبر پختونخوا، فیصل خان ترکئی نے گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول لیڈی گریفتھ پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے طلباء سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ کلاس میں شریک ہوئے۔ دوسرے مرحلے میں یہ اقدام پورے صوبے کی سطح پر پھیلایا جائے گا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ایجوکیشن ثمینہ الطاف، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (فیمیل) پشاور صوفیہ، اور متعلقہ سکول کی پرنسپل بھی وزیر تعلیم کے ہمراہ تھیں۔وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے اس اقدام کے مقاصد اور اپنے وژن سے طلباء، اساتذہ اور انتظامی افسران کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد طلباء کے تعلیمی مسائل کو براہ راست سمجھنا اور ان کے حل کے لیے مؤثر حکمت عملی تیار کرنا ہے۔ اساتذہ اور طلباء کے درمیان بہتر رابطے کو فروغ دینا اور تدریسی معیار کو بلند کرنا اس پروگرام کے بنیادی مقاصد میں شامل ہے۔ انکا مذید کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں انتظامی امور کا جائزہ لینا اور ان میں بہتری کے لیے عملی اقدامات کرنا اس اقدام کا اہم حصہ ہے۔ مزید براں، طلباء کی حوصلہ افزائی اور ان کی تعلیمی کارکردگی کو بڑھانے کے لیے ان کے ساتھ براہ راست مکالمہ قائم کرنا بھی اس پروگرام کا مقصد ہے۔وزیر تعلیم نے طلباء کے سوالات کے جوابات دیے اور انہیں محنت، لگن اور مثبت سوچ کے ساتھ تعلیم کے میدان میں آگے بڑھنے کی ترغیب دی۔ اس موقع پر انہوں نے اساتذہ سے بھی گفتگو کی اور تدریسی عمل کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ان کی تجاویز کو سراہا۔یہ اقدام نہ صرف تعلیمی معیار کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگا بلکہ طلباء کی حوصلہ افزائی اور ان کے مسائل کو براہ راست سننے کا بہترین ذریعہ بھی ثابت ہوگا۔

مزید پڑھیں