جعلی وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کسان کارڈ کھیلنا بند کریں، بیرسٹر ڈاکٹر سیف
مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ کا مریم نواز کے بیان پر ردعمل
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ فارم 47 کی وزیراعلی پنجاب مریم نواز کسان کارڈ کھیلنا بند کریں اور کسانوں کو جواب دیں کہ انکے خون پسینے سے اگائی گئی گندم کیوں نہیں خریدی۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مریم نواز کے کسان کارڈ کے حوالے سے دیئے گئے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا کہ پنجاب کے کسانوں کو جن لوگوں نے 300 ارب روپے کا ٹیکہ لگایا ہے ان کو اہم عہدوں پر کیوں بٹھایا ہوا ہے اب تو پنجاب کی سڑکوں پر کسانوں کا احتجاج روز کا معمول بن گیا ہے مگر ان کی کوئی شنوائی ہی نہیں ہورہی۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی غلط پالیسیوں کیوجہ سے کسانوں کے پاس اب بھی لاکھوں ٹن گندم ویسے ہی پڑی ہے اورگزشتہ دنوں بھی پنجاب کے کسانوں نے پریس کانفرنس کرکے پنجاب کی جعلی حکومت کی کارکردگی عیاں کی تھی۔ اب توجعلی حکومت کے دور میں کسان خودکشیوں پر مجبور ہو چکے ہیں۔ پنجاب حکومت کو خیبر پختونخوا حکومت کا شکریہ ادا کرنا چاہئیے کہ اس نے پنجاب کے کسانوں سے گندم کی خریداری کی ہے۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی پریس کانفرنس اس وقت تک مکمل ہی نہیں ہوتی جب تک وہ وزیر ا علیٰ خیبر پختونخوا پر تنقید نہیں کر لیتیں۔ مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ پنجاب میں کسانوں کا برا حال ہے مگر نااہل اور جعلی حکومت کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔ کسان ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ان کا استحصال ملک کے لئے نقصان دہ ہے۔ کسان کارڈ کی بجائے جعلی حکومت کسانوں سے گندم کی خریداری کرے