وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ علی امین خان گنڈاپور کی قیادت میں انقلابی منصوبے صحت کارڈ پلس کی کامیابی کا سفر تیزی سے جاری ہے،موجودہ حکومت کے ڈیڑھ سال کے عرصہ میں 16 لاکھ 70 ہزار سے زائد مریضوں کو مفت علاج فراہم کیا جا چکا ہے۔ عوام کو صحت کی مفت سہولیات کی فراہمی پر مجموعی طور پر 57 ارب روپے خرچ کیے گئے ہیں، 276 مریضوں کو ٹرانسپلانٹ اور کاکلئیر امپلانٹ کی سہولت فراہم کی جا چکی ہے، خیبر پختونخوا کے 158 ہسپتالوں کے ساتھ ساتھ ملک بھر کے 700 ہسپتالوں میں مفت علاج کی سہولت دستیاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت کارڈ پلس کے تحت گردے اور جگر کی پیوندکاری، بون میرو ٹرانسپلانٹ سمیت دیگر مہنگے امراض کا علاج مفت فراہم کیا جا رہا ہے، ژوندون کارڈ کے ذریعے او پی ڈی مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی کا آغاز بھی ہو چکا ہے، ژوندون کارڈ کے تحت مفت او پی ڈی کا آغاز ضلع مردان سے کیا گیا ہے، جسے جلد صوبے کے دیگر اضلاع تک توسیع دی جائے گی، صحت کارڈ پلس حقیقی معنوں میں عوامی فلاح و بہبود کا منصوبہ ہے، خیبر پختونخوا حکومت عوام کو باوقار اور معیاری صحت سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے عوامی خدمت کا نیا معیار قائم کیا ہے، حکومت خیبر پختونخوا کا انقلابی منصوبہ صحت کارڈ پلس عوام کی خدمت، تحفظ اور شفا کی ضمانت ہے،لاکھوں خاندان صحت کارڈ پلس کے ذریعے مفت اور معیاری علاج کی سہولت سے مستفید ہو رہے ہیں۔