وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم محمد عاصم خان نے کہا ہے پارٹی لیڈر عمران خان کے وژن اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کے ہدایات کے مطابق محکمہ تعلیم میں گڈ گورننس روڈ میپ پر کامیابی سے کام جاری ہے اور اہداف کے حصول کے لیے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ پلان کے تحت صوبے کے تمام سکولوں میں طلباء وطالبات کو سو فیصد فرنیچر، وائٹ بورڈز اور دیگر تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے ہر ضلع کے دو دو سکولوں کو سینٹر آف ایکسیلینس بنایا جائے گا۔ جبکہ صوبہ بھر کے سکولوں میں کلاس رومز کی کمی پوری کرنے کے لیے 10 ہزار سے زائد اضافی کلاس رومز تعمیر کئے جائیں گے۔ صوبہ بھر کے پیرنٹس ٹیچرز کونسل کو فعال کرکے دورانیہ پورا ہونے والوں کی ممبران کی دوبارہ تعیناتی، ان کی تربیت اور پی ٹی سی کے زریعے صوبے کے تمام سکولوں میں سہولیات فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نصابی سرگرمیوں کی غرض سے صوبے کے تمام اضلاع میں ٹورنامنٹس منعقد کئے جائیں گے۔ انہوں نے حکام کو ہدایت جاری کی کہ یہ ٹورنامنٹس صوبہ بھر میں 20 اکتوبر سے شروع کیا جائے۔ اور کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جائے۔ تاکہ یہاں سے منتخب کھلاڑیوں کو نیشنل اور انٹرنیشنل لیول کے مقابلوں میں صوبے کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہو۔ انہوں نے مزید ہدایات جاری کی کہ صوبے کے تمام ہائی اور ہائیر سیکنڈری سکولوں میں کمپیوٹر لیبز کے قیام اور انٹرنیٹ کنکشن کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے حکام صوبے کے تمام اضلاع میں غیر فعال آئی ٹی لیبز اور آئی ٹی ٹیچرز کی کمی کی رپورٹ بھی طلب کی۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی اور ڈیجیٹائزیشن وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اور اس پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ تعلیم گڈ گورننس روڈ میپ کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری ایجوکیشن محمد خالد، سپیشل سیکرٹری عبدالباسط اور محکمہ تعلیم کے دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔معاون خصوصی برائے تعلیم محمد عاصم خان نے مزید کہا کہ سکولوں سے باہر بچوں کو سکولوں میں لانے کے لئے انقلابی اقدامات کئے جائیں گے اور صوبہ بھر میں حصوصی مہمات چلائے جائیں گے۔ جس کیلئے جامع پلان تشکیل دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کے تمام بچوں کو سہولیات کی فراہمی کے لیے تعلیم کارڈ کا اجراء کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ طلباء و طالبات کو سکالرشپس، مفت درسی کتابوں بشمول دیگر تمام سہولیات فراہم کی جائے گی۔ اُنہوں نے ایجوکیشن حکام کو ٹائم لائن کے مطابق کام کے رفتار میں مزید تیزی لانے اور اس کارڈ کو متعلقہ فورمز سے جلد ازجلد منظوری لینے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کے تقریباً ساڑھے تین ہزار مڈل سکولوں میں بھی STEM ایجوکیشن لیبز قائم کئے جائیں گے۔ جبکہ صوبے کے تمام بورڈز کو ہدایت دی کہ شروع ہونے والے امتحانات کی مکمل سی سی ٹی وی مانیٹرنگ کی جائے۔ اور تمام امتحانی ہالوں میں انسپکٹرز کو تعینات کیا جائے۔ میرٹ اور شفاف امتخانات کا انعقاد صوبہ بھر میں یقینی بنایا جائے۔ محمد عاصم خان نے مزید کہا کہ اساتزہ کی کمی پوری کرنے کے لیے اقدامات کئے جارہے ہیں میرٹ پر 17 ہزار اساتذہ عنقریب ایٹا کے ذریعے بھرتی کئے جارہے ہیں۔ جبکہ یونیسیف کے ذریعے بھی اساتذہ بھرتی کرنے کیساتھ ساتھ 2500 انٹرنیز کو بھی محکمہ تعلیم میں کام کرنے کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔
