مقبوضہ جموں وکشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے اور نہتے کشمیری عوام پربھارتی فوج کے مظالم کے خلاف ہرسال27اکتوبر کو یومِ سیاہ کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اسی سلسلے میں حکومت خیبر پختونخوا نے پیر کے روز پشاور میں ریلی/واک کا اہتمام کیا ہے۔محکمہ انتظامیہ کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیے کے مطابق تمام انتظامی سیکرٹری اپنے متعلقہ محکموں کے سٹاف کے ہمراہ نوبج کر بیس منٹ پر سول سیکرٹریٹ اعظم خان بلاک کے سامنے جمع ہوں گے جہاں سے ریلی کا آغاز ہوگا۔ریلی کے شرکاء وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کی جانب بڑھتی ہوئے گورنر ہاؤس پہنچیں گے جہاں پر دس بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی، جس کے بعد آل پاکستان حریت کانفرنس کے قائدین اور دیگر معزز شخصیات تقریریں کریں گے۔یومِ سیاہ کے انعقاد کا مقصد بھارتی قابض افواج کی جانب سے بین الاقوامی اور انسانی قوانین کی خلاف ورزیوں اور کشمیریوں پر کئے جانے والے مظالم کو اجاگر کرنا ہے۔ اسی طرح کے جلوس اور سیمینار صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی منعقد کیے جائیں گے۔
