وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر تاج محمد خان ترند نے محکمہ کھیل و امور نوجوانان کا چارج سنبھالنے کے بعد بدھ کے روز نظامت کھیل کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ایک اہم بریفنگ اجلاس کی صدارت کی، جس میں سیکرٹری کھیل سعادت حسن، ڈائریکٹر جنرل کھیل تاشفین حیدر، ڈائریکٹر ضم اضلاع، ڈائریکٹر آپریشن اور دیگر متعلقہ افسران شریک تھے۔اجلاس کے دوران متعلقہ حکام نے مشیر کھیل کو محکمانہ امور، صوبے اور ضم اضلاع میں کھیلوں کی سہولیات کی تعمیر و بحالی، تحصیل سطح پر کھیلوں کے میدانوں کے قیام، خواتین کے لیے انڈور جمنازیم کی تعمیر، عمران خان کرکٹ سٹیڈیم میں لائٹس کی تنصیب، سالانہ ترقیاتی پروگرام اور اے آئی پی سکیموں کے تحت جاری و نئے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔مشیر کھیل کو بتایا گیا کہ ضم اضلاع بالخصوص شمالی و جنوبی وزیرستان میں کھیلوں کی سہولیات تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں، جبکہ ضم اضلاع میں فٹسال گراؤنڈز تعمیر کیے جائیں گے۔ صوبے بھر میں انٹر اور انٹرا ڈسٹرکٹ سطح پر کھیلوں کے مقابلوں کے ساتھ ساتھ خواتین، اقلیتوں اور دینی مدارس کے طلباء کے لیے بھی مختلف کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ صوبہ بھر میں تحصیل سطح کے 85 کھیلوں کے منصوبے مکمل ہو چکے ہیں، جبکہ 10 مزید تحصیلوں میں کام جاری ہے۔ علاوہ ازیں، صوبے میں بائیو مکینکس لیبارٹری کے قیام کے لیے فزیبلٹی اسٹڈی مکمل کرلی گئی ہے، جہاں کھلاڑیوں کی انجریز ٹھیک کرنے اور سرجریز کی سہولیات دستیاب ہوں گی۔اس موقع پر مشیر کھیل تاج محمد ترند نے کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان کے ویژن کے وزیراعلی کی قیادت میں نوجوانوں کو کھیلوں کی معیاری سہولیات فراہم کرنا اور انہیں مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ صوبے کی تمام تحصیلوں میں کھیلوں کے گراؤنڈز کا قیام یقینی بنایا جائے اور کھلاڑیوں کے انتخاب میں میرٹ پر سختی سے عمل کیا جائے تاکہ بہترین ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آئے۔انہوں نے کھیلوں کی سہولیات کی مقررہ مدت میں تکمیل اور معیاری کام کو یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ
محکمہ کھیل کے امور کو بطور ٹیم ورک چلایا جائے، انہوں نے کھیلوں کے میدانوں میں صفائی ستھرائی برقرار رکھنے کی بھی ہدایت کی۔مشیر کھیل تاج محمد ترند نے کہا کہ صوبے میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کی ترقی ہمارے منشور کا اہم اور بنیادی حصہ ہے اس لئے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔مشیر کھیل نے متعلقہ افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ کھیلوں کے منصوبوں کی تعمیر میں کنٹریکٹرز کو پیشگی ادائیگی بالکل بھی نہ کریں انہوں نے محکمہ کھیل کے حوالے سے ماہانہ جائزہ اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کی سکیموں میں جہاں مسائل و مشکلات درپیش ہوں اس حوالے سے کیسز تیار کرکے پیش کریں تاکہ متعلقہ فورمز پر ان مسائل و مشکلات کو دور کیا جاسکے
