خیبرپختونخوا کے وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ فضل شکور خان نے ضلع چارسدہ میں عابد زمان خٹک انفارمیشن ٹیکنالوجی انسٹی ٹیوٹ کے زیرِ اہتمام ”سپورٹ گالا“ کی اختتامی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ادارے کے منتظمین، اساتذہ، طلباء اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیرنے ادارے کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یتیم بچوں کی کفالت، بہترین تعلیم کی فراہمی اور آئی ٹی کے شعبے میں مہارت دلانا ایک عظیم انسانی خدمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ادارے معاشرے میں امید، خود اعتمادی اور مثبت تبدیلی کے فروغ کا باعث بنتے ہیں۔انہوں نے سپورٹس گالا میں مختلف مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے بچوں میں انعامات بھی تقسیم کیے۔ اس دوران انہوں نے بچوں کے ساتھ وقت گزارا، ان سے گھل مل کر بات چیت کی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔فضل شکور خان نے ادارے کے بانی اور سرپرستوں کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومتِ خیبرپختونخوا ایسے رفاہی اور تعلیمی اداروں کی سرپرستی اور حوصلہ افزائی کو اپنی ذمہ داری سمجھتی ہے۔ انہوں نے طلباء کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور امیدظاہر کی کہ یہاں سے تعلیم یافتہ نوجوان مستقبل میں صوبے اور ملک کا نام روشن کریں گے۔عابد زمان خٹک آئی ٹی انسٹی ٹیوٹ ضلع چارسدہ کے یتیم اور مستحق بچوں کے لیے ایک مثالی تعلیمی مرکز کی حیثیت رکھتا ہے، جہاں انہیں مکمل مفت تعلیم، ٹرانسپورٹ، یونیفارم، کتابیں اور مختلف سکالرشپس فراہم کی جاتی ہیں۔ ادارہ جدید آئی ٹی تربیت کے ذریعے ان بچوں کو بااختیار بنانے اور انہیں مستقبل کے چیلنجز کے لیے تیار کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔آخر میں ادارے کی انتظامیہ کی جانب سے وزیر موصوف کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی جبکہ طلباء نے مختلف آئی ٹی پراجیکٹس کی نمائش کرکے مہمانوں سے بھرپور داد وصول کی۔
