خیبر پختونخوا کے وزیر ریلیف، بحالی و آبادکاری عاقب اللہ خان نے گزشتہ روز پشاور میں ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس خیبرپختونخوا کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر کو ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس کے اغراض و مقاصد سمیت اس کی اہمیت اور اٹھائے جانے والے اقدامات کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔ صوبائی وزیر ریلیف، بحالی و آبادکاری عاقب اللہ خان نے اس موقع پر ادارے کی تربیتی سرگرمیوں، رضاکاروں کی خدمات اور آپریشنل تیاریوں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر نے نے ادارے کے افسران اور رضاکاروں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کی بے لوث خدمات ایک مثالی جذبے کی نمائندگی کرتی ہیں۔ رضاکاروں کی تربیت سے متعلق صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ اس قسم کی پیشہ ورانہ تیاری معاشرے کو نہ صرف محفوظ بنانے میں کردار ادا کرتی ہے بلکہ اس سے معاشرتی سطح پر دفاعی شعور بھی پیدا ہوتا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عاقب اللہ خان کا کہنا تھا کہ سول ڈیفنس ایمرجنسی حالات میں عوامی آگاہی اور عوام کی تحفظ کیلئے مؤثر خدمات یقینی بنا رہا ہے جو انتہائی قابلِ تحسین ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹریٹ آف سول ڈیفنس خیبرپختونخوا کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے.
