بیٹانی قوم لکی مروت کا نمائندہ وفد مولانا انور باچا، مئیر سب ڈویژن لکی مروت، کی سربراہی میں اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی سے اسمبلی سیکرٹریٹ میں ملا۔ وفد نے سپیکر کو بتایا کہ بٹانی قوم اور SNGPL/OGDCL کے درمیان تیل و گیس کی رائلٹی کے سلسلے میں ہونے والے معاہدے پر عملدرآمد نہیں ہو سکا، اور بیٹانی قوم کو تاحال اس کا جائز حصہ نہیں دیا گیا، جس پر مقامی آبادی میں گہری تشویش پائی جاتی ہے۔سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی نے وفد کے مؤقف اور تحفظات کو توجہ سے سنا اور اس معاملے کو مناسب فورمز پر اٹھانے کا فیصلہ کیا۔ اسپیکر بابر سلیم سواتی نے اس اہم مسئلے کو باضابطہ طور پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے نوٹس میں لانے کے لیے ایک تفصیلی خط ارسال کیا ہے، جس کے ساتھ بیٹانی قوم کی اصل درخواست، متعلقہ ریکارڈ، اور جرگے کے دوران فراہم کردہ دستاویزی شواہد بھی منسلک کیے گئے ہیں۔ سپیکر نے اس مراسلت میں وزیراعلیٰ سے گزارش کی ہے کہ وہ معاملے کا جائزہ لے کر متعلقہ اداروں کو مناسب اقدامات کے لیے ہدایات جاری کریں، تاکہ معاہدے کے مطابق بیٹانی قوم کو تیل و گیس کی آمدن کا طے شدہ حصہ دلایا جا سکے۔سپیکر نے مزید کہا کہ یہ مسئلہ عوامی مفاد اور علاقائی حقوق سے جڑا ہوا ہے، اور اس میں کسی تاخیر سے مقامی سطح پر بے چینی پیدا ہونے کا امکان ہے۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ صوبائی اسمبلی اپنے دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے بیٹانی قوم کے حق کے تحفظ کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی اور اس معاملے پر آئندہ پندرہ دنوں میں پیش رفت کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔
