چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ کی زیرِ صدارت اجلاس، انسدادِ خسرہ و روبیلا اور انسدادِ پولیو مہمات کا جائزہ

چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ نے کہا ہے کہ خسرہ و روبیلا اور پولیو سے بچوں کا تحفظ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔مربوط حکمت عملی کے ذریعے ان مہمات کو کامیاب بنایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ نے خسرہ و روبیلا مہم اور انسداد پولیو اقدامات پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری صحت، صوبائی کوآرڈینیٹر ای او سی اور دیگر حکام شریک ہوئے۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز، ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا میں خسرہ و روبیلا سے بچاو کی قومی ویکسینیشن مہم کامیابی سے جاری ہے۔ مہم کے پہلے تین دنوں میں 12 لاکھ سے زائد بچوں کی ویکسینیشن کامیابی سے مکمل کرلی گئی ہے۔قومی مہم کے دوران خیبرپختونخوا کے 37 اضلاع میں 17 سے 29 نومبر تک چھ ماہ سے پانچ سال کے بچوں کو خسرہ و روبیلا سے بچاو کی ویکسین لگائی جارہی ہے۔مہم کے دوران مخصوص اضلاع میں پولیو کے قطرے بھی پلائے جارہے ہیں۔ سرکاری مراکزِ صحت،منتخب عارضی مراکز، سکولوں اور مدارس میں ویکسین دستیاب ہے۔ اجلاس میں انسدادِ پولیو مہم کی تیاریاں پر بھی بریفنگ پیش کی گئی اور بتایا گیا کہ دسمبر کی پولیو مہم کیلئے 10 دسمبر تک تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز پولیو مہم کی تیاری مکمل کرکے رپورٹ جمع کرائیں گے جبکہ مربوط حکمت عملی کے ذریعے انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنایا جائے گا۔ انسدادِ پولیو مہم 15 دسمبر سے شروع ہوگی جس کے لئے تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔

مزید پڑھیں