خیبرپختونخوا کے وزیر آبپاشی ریاض خان کے ترقیاتی فنڈ سے خونا خپہ پلواڑے روڈ پر بلیک ٹاپنگ کا کام تیزی سے جاری ہے، جو علاقے کی عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔ منصوبے کی تکمیل سے عوام کو درپیش سفری مشکلات کا خاتمہ ہوگا اور مقامی آبادی کو بہتر سفری سہولیات فراہم ہوں گی۔ خونا خپہ پلواڑے روڈ کے بعد گوکند روڈ اور بٹئی نظامو روڈ پر بھی بلیک ٹاپنگ کے کام کا آغاز جلد کیا جائے گا۔ وزیر آبپاشی ریاض خان نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل ہمارا فرض اور ذمہ داری ہے۔ بحیثیت عوامی نمائندہ، ہماری جدوجہد کا مقصد لوگوں کو عملی سہولیات اور تعمیراتی ترقی دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام منصوبے قائد عمران خان کے ترقیاتی ویژن اور اصلاحاتی سوچ کا تسلسل ہیں، جو عوامی خدمت، شفافیت اور فلاح کے اصولوں پر قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی قیادت میں خیبرپختونخوا کے تمام اضلاع سمیت بونیر میں انفراسٹرکچر کی بہتری پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ عوامی مسائل کا تیز رفتار حل ممکن بنایا جا سکے۔ ریاض خان نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ کی قیادت میں صوبے کے تمام شعبوں میں ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر سطح پر عملی اقدامات کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان روڈ منصوبوں سے نہ صرف سفری سہولیات بہتر ہوں گی بلکہ کاروباری سرگرمیوں، تعلیم، صحت، ایمرجنسی رسائی اور روزگار کے مواقعوں میں بھی اضافہ ہوگا۔ یہ سفر وعدوں سے تکمیل تک کا سفر ہے جس کا اصل مرکز عوام کی خدمت اور علاقے کی ترقی ہے۔
