وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے پشاور ایف سی ہیڈکوارٹر پر خودکش دھماکے کے روز خیبرپختونخوا حکومت پر تنقید کرنا افسوسناک اور قابل مذمت ہے، ایسے سانحے کے دن الزام تراشی کی بجائے یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کیا جانا چاہیے تھا۔انہوں نے کہا کہ پشاور کے ایک حساس مقام پر ہونے والے خودکش حملے میں فیڈرل کانسٹیبلری کے جوان شہید اور زخمی ہوئے۔اس واقعے کے فوری بعد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اپنی تمام سرکاری مصروفیات ترک کرکے ہسپتال پہنچے زخمیوں کی عیادت کی اور بعد ازاں شہدائ کی نماز جنازہ میں بھی شرکت کی۔اپنے دفتر سے جاری ایک بیان میں شفیع جان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کو چاہئے تھا کہ دہشتگردی کے واقعہ پر صوبائی حکومت اور متاثرہ خاندانوں سے اظہار یکجہتی کرتی لیکن افسوس کہ انہوں نے الزام تراشی کو ترجیح دی ہماری روایت رہی ہے کہ سانحات کے موقع پر سیاست نہیں کی جاتی بلکہ غم زدہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں۔معاون خصوصی شفیع جان نے کہا کہ مریم صفدر کی سیاست الزام تراشی سے شروع ہو کر نفرت پر ختم ہوتی ہے اور یہی ان کی جماعت کا وطیرہ بھی ہے۔ خیبرپختونخوا طویل عرصے سے دہشت گردی کا شکار رہا ہے اور آج بھی ہمارا صوبہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر ہے صوبے میں امن کے قیام کے لیے امن جرگہ کے ذریعے تمام سیاسی قیادت کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا،صوبے کے حقوق کے حوالے سے وفاق کی سرد مہری پر شفیع جان نے کہا کہ وفاق کا خیبرپختونخوا کے ساتھ غیر منصفانہ رویہ انتہائی افسوسناک ہے وفاق خیبرپختونخوا کو این ایف سی ایوارڈ اور نیٹ ہائیڈل پرافٹ کی مد میں واجبات ادا نہیں کر رہا تاہم وفاقی حکومت کی سرد مہری کے باوجود صوبائی حکومت اپنے وسائل سے وزیراعلیٰ کی قیادت اور بانی چیئرمین عمران خان کے وژن کے مطابق صوبے کی ترقی کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے،شفیع جان نے کہا کہ صوبائی حکومت موٹرویز کی تعمیر، پن بجلی کے منصوبوں، ٹرانسمیشن لائن بچھانے سمیت کئی اہم ترقیاتی منصوبوں پر عملی کام کر رہی ہے۔ضمنی الیکشن پر بات کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ سوچی سمجھی سازش کے تحت فارم 47 کے ذریعے ہمارا مینڈیٹ چوری کیا جاتا ہے اور یہ سلسلہ 8 فروری کے عام انتخابات سے جاری ہے۔ پاکستان تحریک انصاف آئین و قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے اور وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی قیادت اور اپنے قائد عمران خان کی رہنمائی میں صوبے کے حقوق اور عمران خان کی رہائی کے لیے پرامن، آئینی و قانونی جدوجہد جاری رکھے گی۔
