سیکریٹری لائیوسٹاک, فیشریز و کوآپریٹیو خیبرپختونخوا محمد طاہر اورکزئی نے اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے صنعتی ترقی (یواین آئی ڈی او) کے تعاون سے محکمہ لائیوسٹاک میں قائم میٹ پروسسنگ اینڈ ٹریننگ سنٹر کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہیں میٹ پروسسنگ اینڈ ٹریننگ سنٹر میں دستیاب سہولیات، جدید آلات اور ٹریننگ کے نظام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ جدید معیار کے مطابق قائم یہ میٹ پروسسنگ اینڈ ٹریننگ سنٹر نہ صرف عوام کو معیاری اور محفوظ گوشت کی فراہمی میں مددگار ثابت ہوگا بلکہ گوشت سے وابستہ شعبے کے افراد کی تربیت میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ اس موقع پر سیکریٹری لائیوسٹاک نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ میٹ پروسسنگ اینڈ ٹریننگ سنٹر کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت نجی شعبے کے تعاون سے فعال بنانے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں، تاکہ اس کے انتظام و انصرام میں مزید بہتری لائی جاسکے۔سیکریٹری لائیوسٹاک محمد طاہر اورکزئی نے کہا کہ عوام کو معیاری، صاف اور صحت بخش گوشت کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جدید مذبح خانہ اس سلسلے میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔میٹ پروسسنگ اینڈ ٹریننگ سنٹر کی مکمل فعالی سے نہ صرف صارفین کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی بلکہ گوشت کی کوالٹی میں بہتری سے مجموعی صحت کے شعبے پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔دورے کے دوران ڈائریکٹر جنرل لائیوسٹاک ڈاکٹر آصل خان بھی موجود تھے، جنہوں نے مختلف تکنیکی پہلوؤں پر سیکریٹری لائیوسٹاک کو آگاہ کیا۔
