وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کو بانی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہ دینا آئین، قانون اور عدالتی احکامات کی کھلی خلاف ورزی ہے، شفیع جان

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کو ایک بار پھر اڈیالہ جیل میں بانی چیئرمین عمران خان سے ملاقات سے روکنا آئین، قانون اور عدالتی احکامات کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ پنجاب حکومت کے اس غیر جمہوری رویے کے خلاف وزیر اعلی محمد سہیل آفریدی نے اراکین اسمبلی اور کارکنوں کے ہمراہ اڈیالہ جیل کے باہر دھرنا دیا، وزیر اعلیٰ کے دھرنے کو پنجاب حکومت ہماری کمزوری نہ سمجھے۔ اپنے دفتر سے جاری ایک بیان میں معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ایک منتخب وزیراعلیٰ کے ساتھ پنجاب حکومت اور جیل انتظامیہ کا رویہ نہ صرف غیر قانونی ہے بلکہ وزیراعلیٰ کے منصب اور صوبائی عوامی مینڈیٹ کی توہین ہے، پنجاب حکومت کے اوچھے ہتھکنڈے تحریک انصاف کی قیادت اور کارکنوں کے عمران خان کیساتھ کھڑے ہونے کے عزم کو کمزور نہیں بلکہ مزید مضبوط کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے ساتھ روا رکھا جانے والا طرز عمل جمہوری اقدار کے سراسر منافی ہے۔معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ عمران خان کے خوف میں مبتلا مسلم لیگ ن بوکھلاہٹ کا شکار ہے جو ہمیشہ سے دھاندلی کے ذریعے اقتدار حاصل کرتی آئی ہے،مزید برآں، شفیع جان نے وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی کے خلاف جاری منفی پراپیگنڈے کی بھی مذمت کی اور واضح کیا کہ وزیر اعلیٰ کے خلاف یہ منظم پراپیگنڈہ کسی صورت قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان وزیر اعلیٰ کو صوبے کو درپیش چیلنجز کا بخوبی ادراک ہے جس کے لئے وہ عملی اقدامات اٹھارہے ہیں،قیام امن کے لئے صوبائی حکومت نے امن جرگے کا انعقاد کیا امن جرگہ میں متفقہ طور پر منظور کردہ 15 نکات پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، شفیع جان نے مزید کہا کہ صوبے میں بہتر طرز حکمرانی کے فروغ کے لئے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں اور اس ضمن میں وزیر اعلیٰ اقدامات کی خود مانیٹرنگ بھی کررہے ہیں۔

مزید پڑھیں