بنوں میران شاہ روڈ پر دہشتگردی کے واقعے میں شہید اسسٹنٹ کمشنر شاہ ولی خان سمیت چار شہداء کی نمازجنازہ پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ بنوں کینٹ میں ادا کر دی گئی

بنوں میران شاہ روڈ پر دہشتگردی کے واقعے میں شہید اسسٹنٹ کمشنر شاہ ولی خان سمیت چار شہداء کی نمازجنازہ پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ بنوں کینٹ میں ادا کر دی گئی۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ، انسپکٹر جنرل آف پولیس ذوالفقار حمید، ریجنل پولیس آفیسر بنوں سجاد خان، کمشنر بنوں خالد محمود، بریگیڈیئر عمیر خان نیازی، ڈی پی او بنوں یاسر آفریدی، ڈی پی او نارتھ وزیرستان سجاد حسین، ڈپٹی کمشنر بنوں محمد فہیم خان، ایس پی سی ٹی ڈی فضل واحد سمیت دیگر سول و عسکری حکام نے نمازجنازہ میں شرکت کی۔شہداء کے تابوت کو سلامی پیش کی گئی اور پھول چڑھائے گئے۔ اس موقع پر شہداء کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔چیف سیکرٹری اور آئی جی پی خیبر پختونخوا نے شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدا ء نے فرائض کی ادائیگی کے دوران ملک و قوم کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔ شہدا ء کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردوں کو بہت جلد کیفرکردار تک پہنچا کر ان کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بنوں ریجن میں دہشتگردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششیں مزید تیز کی جائیں گی اور عوام کے تعاون سے امن کے دشمنوں کا ہر حال میں ہر قیمت پر قلع قمع کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں