صوبائی وزیر ریلیف، بحالی و آبادکاری عاقب اللہ خان نے خیبر پختونخوا میں پہلی بار منعقد ہونے والے “ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن اور کلائمٹ چینج ایڈاپٹیشن ایکسپو 2025” کا افتتاح کیا۔

خیبر پختونخوا کے وزیر ریلیف، بحالی و آبادکاری عاقب اللہ خان نے کہا ہے کہ اس صوبے ایک ایسا خطہ بنانے کے لیے کوشاں ہیں جہاں نہ صرف چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت ہو بلکہ یہاں محفوظ اور پائیدار ترقی بھی یقینی ہو، خیبر پختونخوا بار بار قدرتی آفات کا سامنا کر چکا ہے، ہر بار اس صوبے کے عوام نے ہمت، حوصلے اور یکجہتی سے تمام مشکلات کا مقابلہ کیا، آفات سے نمٹنے کے لیے عوامی آگاہی اور بھر پور ہم آہنگی ضروری ہے۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر ریلیف، بحالی و آبادکاری عاقب اللہ خان نے گزشتہ روز پشاور میں منعقدہ “ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن اور کلائمٹ چینج ایڈاپٹیشن ایکسپو 2025” کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایکسپو میں سرکاری محکموں اور اقوامِ متحدہ کے اداروں کے نمائندگان، ڈویلپمنٹ سیکٹر، محقیقین، اساتذہ اور طلبہ شریک تھے۔ صوبائی وزیر نے محکمہ ریلیف، بحالی و آبادکاری کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا کہ انہوں نے نہایت محنت اور بہترین حکمتِ عملی کے ساتھ اس اہم ایونٹ کو ممکن بنایا اور تمام متعلقہ اداروں کو ایک جگہ جمع کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عاقب اللہ خان کا کہنا تھا کہ حالیہ 2025 کے سیلاب نے ہماری بروقت تیاری اور بہتر رسپانس کا امتحان لیا، مگر بہتر حکمت عملی اور قبل از وقت وارننگ سسٹمز، مؤثر ہم آہنگی، اور عوام کی تعاؤن نے بڑے نقصانات کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ ٹیکنالوجی اور جدید آلات میں سرمایہ کاری جاری رکھیں، انفراسٹرکچر کو مضبوط بنائیں اور موسمیاتی تبدیلی، خطرات اور حل کے لیے اقدامات، صوبے کی جامع ترقی کا لازمی حصہ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کی یہ ایکسپو ایک مضبوط، محفوظ اور سمارٹ خیبر پختونخوا کے وژن کی عکاسی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی پلیٹ فارم کے ذریعے ہم سرکاری محکموں، اقوامِ متحدہ کے اداروں، ڈونر ایجنسیز، این جی اوز، آی این جی اوز، تعلیمی اداروے اور تکنیکی ماہرین کو ایک مشترکہ مقصد کے لیے یکجا کر رہے ہیں تاکہ صرف خطرات و آفات سے نمٹنا نہیں بلکہ ترقی، جدت اور محفوظ مستقبل کی بنیاد یقینی بنائیں۔

مزید پڑھیں