خیبرپختونخوا کے وزیر آبپاشی ریاض خان نے اپنے دفتر پشاور میں خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے وفود، معززین علاقہ اور شہریوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وفود نے اپنے اپنے علاقوں میں درپیش مسائل، ترقیاتی کاموں میں درکار تعاون اور عوامی سہولیات سے متعلق صوبائی وزیر کو آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر نے تمام وفود کی بات نہایت توجہ اور خلوص کے ساتھ سنی اور ہر مسئلے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے فوری نوعیت کے کئی مسائل موقع پر ہی حل کروا ئے اور صوبائی وزیر ریاض خان کی کاوشوں اور بروقت اقدام پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ریاض خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوامی خدمت، مسائل کا بروقت حل اور ریلیف کی فراہمی خیبرپختونخوا حکومت کی بنیادی ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی ہدایات کے مطابق صوبے کے ہر شہری کو سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام شعبوں میں تیزی سے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی کا وژن عوامی خدمت، شفافیت اور عملی کارکردگی پر مبنی ہے اور اسی وژن کے تحت محکمے بھرپور محنت سے کام کر رہے ہیں۔ صوبائی وزیر ریاض خان نے کہا کہ عوام کی خدمت کرنا ان کے لیے باعث اعزاز ہے اور عوامی مسائل کے حل میں انہیں دلی سکون ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف عوامی خدمت، میرٹ و انصاف اور شفاف طرز حکمرانی پر مکمل یقین رکھتی ہے اور یہی ہماری سیاسی و عوامی جدوجہد کی بنیاد ہے۔ صوبائی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کے دفتر اور حجرے کے دروازے عوام کے لیے کھلے ہیں۔ شہری جب چاہیں بلا جھجھک ملاقات کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کا سننا اور حل کرنا ان کی ذمہ داری بھی ہے۔ بعد ازاں صوبائی وزیر ریاض خان سے چیئرمین ڈیڈیک بونیر کبیر خان، سابق ناظم آفسر خان اور ویلج کونسل چیئرمین وقار خان نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران علاقے کو درپیش مختلف عوامی مسائل، جاری و مجوزہ ترقیاتی منصوبوں اور فلاحی اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
