خیبر میڈیکل یونیورسٹی میں خیبر پختونخوا جاب فیئر 2025 کاکامیاب انعقاد

خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور میں خیبر پختونخوا جاب فیئر 2025 کا شاندار انعقاد کیا گیاجس کا افتتاح صوبائی وزیر صحت خیبر پختونخوا خلیق الرحمٰن نے کیا۔ اس موقع پرایگزیکٹیو ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد اور وائس چانسلر کے ایم یو پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق بھی موجود تھے۔ اس بڑے روزگار میلے میں کے ایم یو کے طلبہ و فارغ التحصیل نوجوانوں کو براہ راست سرکاری و نجی اداروں، صنعتوں،ہسپتالوں، ریکروٹمنٹ ایجنسیوں اور مختلف کارپوریٹ تنظیموں سے جڑنے کا منفرد موقع فراہم کیا گیا۔تقریب میں بڑی تعداد میں اساتذہ، طلبہ، پالیسی ساز شخصیات، ہیلتھ سیکٹر سے وابستہ سٹیک ہولڈرز اور مختلف آجر اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت خلیق الرحمان نے اس اقدام کو قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت نوجوانوں کو ان کی دہلیز پر روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے اور جاب فیئرز کا یہ سلسلہ اسی وژن کا حصہ ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل صوبائی حکومت کی ہدایت پر نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع کی فراہمی کے لئے پاک آسٹریا انسٹی ٹیوٹ آف ایپلائیڈ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی ہری پور اور یو ای ٹی پشاور میں بھی جاب فیئرز منعقد کیے جا چکے ہیں جبکہ کے ایم یو میں منعقد ہونے والا یہ تیسرا بڑا روزگار میلہ ہے جو صوبے کی واحد سرکاری میڈیکل یونیورسٹی میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ طبی شعبے میں ڈاکٹرز، ڈینٹسٹ، نرسز، فزیوتھراپسٹ، پیرامیڈیکس، آپٹومیٹرسٹ، پبلک ہیلتھ اسپیشلسٹ، سائیکالوجسٹ، آڈیولوجسٹ، آکیوپیشنل تھیراپسٹ سمیت درجنوں کیرئیر مواقع موجود ہیں جن کے لیے اس جاب فیئر نے نوجوانوں کو بہترین پلیٹ فارم فراہم کیا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے اپنے خطاب میں کہا کہ کے ایم یو نہ صرف اعلیٰ معیار کی طبی تعلیم وتحقیق فراہم کر رہی ہے بلکہ اپنے طلبہ کو مستقبل کی منڈیِ روزگار کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے بھی عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاب فیئر کا یہ سلسلہ طلبہ کے لیے ہنر مندی، کیرئیر پلاننگ اور عملی دنیا کے چیلنجز سے نمٹنے میں رہنمائی کا اہم ذریعہ ہے۔دریں اثناء تقریب کے شرکاء سے بطور اعزازی مہمان خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ حکومت خیبر پختونخوا کیپٹن(ر) کامران آفریدی نے کہا کہ جاب فیئرز کا یہ سلسلہ اعلیٰ تعلیمی ٹاسک فورس کی سفارشات کی روشنی میں پائلٹ بنیادوں پر شروع کیا گیا ہے جس کے حوصلہ افزاء نتائج سامنے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگلے سال سے اس سلسلے کو صوبے کی تمام جامعات تک توسیع دی جائے گی جس کا مقصد اگر ایک طرف طلباء کو باعزت روزگار کے پلیٹ فارمز مہیا کرنا ہے تو دوسری جانب اس سے جامعات کو بامقصد تعلیمی پروگرامات کی ترغیب بھی ملے گی۔بعد ازاں انہوں نے بعض امیدواران میں موقع پرجاب لیٹرز بھی تقسیم کئے۔قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ کے ایم یو جاب فیئر 2025 میں 100 سے زائدسٹالز لگائے گئے جنہیں چار اہم زمروں تعلیمی ادارے، صنعتیں، ہسپتال و کلینکس اور فارماسیوٹیکل سیکٹرمیں تقسیم کیا گیا تھا۔ مختلف قومی و بین الاقوامی اداروں نے طلبہ کو انٹرنشپس، آن اسپاٹ انٹرویوز، روزگار کے مواق، اور کیرئیر گائیڈنس فراہم کی۔ اس کے علاوہ جاب فیئر کی ایک اور خاص بات طلبہ کے لیے کیرئیر کونسلنگ سیشنز، پیشہ ورانہ رہنمائی اور سی وی سکل ورکشاپس کا انعقاد تھا ۔طلبہ اور آجر تنظیموں نے جاب فیئر کے انعقاد کو نہایت مفید قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا جس سے صوبے میں ہنر مند ہیومن ریسورس کی ترقی اور روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔

مزید پڑھیں