محکمہ ایکسائز کی منشیات کے خلاف بڑی کارروائی،منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام

محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول نے صوبائی حکومت کی انسداد منشیات کے خلاف زیروٹالرنس پالیسی اور وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول سید فخرجہان کی ہدایات کے تسلسل میں صوبہ بھر میں منشیات کے کاروبار اور اس میں ملوث عناصر کے خلاف موثر کاروائیوں میں نئے سال کے آغاز سے مزید تیزی لاتے ہوئے ایک بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔
اس سلسلے میں ضلع خیبر میں ایکسائز اسپیشل سکواڈ نے ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے منشیات کی بھاری مقدار سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔
محکمہ ایکسائز کے مطابق کارروائی کے دوران 12.5 من (504000 گرام) چرس برآمد کی گئی جبکہ ایک ملزم کو گرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ  بھی درج کر لیا گیا ہے۔
مذکورہ کاروائی سید نوید جمال ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر (ریہیب) و انچارج پراوینشل ایکسائز ویئر ہاؤس کو ملنے والی خفیہ اطلاع پر عمل میں لائی گئی اور انکی زیر نگرانی عنایت الرحمن انسپکٹر انچارج ایکسائز اسپیشل سکواڈ بمعہ دیگر نفری اور ماجد خان ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر نارکوٹکس کنٹرول کی  زیر نگرانی ماجد حسین ایس ایچ او تھانہ ایکسائز خیبر، شہریار خان سب انسپکٹر اور صالح محمد ودیگر  نفری نے ALC تھانے کے قریب عمل میں لائی گئی جس میں منشیات  کی ایک بھاری کھیپ پکڑلی گئی۔
 منشیات سمگلنگ کی یہ کوشش ناکام بناتے ہوئے دوران تلاشی گاڑی نمبر AUS 188 سے 12.5 من (504000 گرام) چرس برآمد کی گئی جبکہ ملزم محمد نعیم خان ولد فیاض حسین ساکن بہاولپور کو موقع پر گرفتار کر کے مذید تفتیش کے لئے تھانہ ایکسائز خیبر میں مقدمہ درج کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی قیادت میں صوبائی حکومت نے انسدادِ منشیات کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی ہوئی ہے اور اس ضمن میں صوبائی وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول سید فخرجہان کی واضح ہدایات پر سیکریٹری محکمہ ایکسائز خالد الیاس اور ڈائریکٹر جنرل ایکسائز عبدالحلیم خان کی سرپرستی میں منشیات کے کاروبار کے خلاف بھرپور اور مؤثر کارروائیاں جاری ہیں۔
صوبائی وزیر ایکسائز سید فخر جہان نے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ منشیات کی اسمگلنگ اور فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل درآمد ہر حال میں یقینی بنایا جائیگا۔ ایکسائز فورس کو مزید متحرک اور مؤثر بنایا جا رہا ہے تاکہ صوبے کو منشیات سے پاک کیا جا سکے۔
اس طرح حکومتِ خیبر پختونخوا منشیات کے خاتمے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور عوام کی جان و مال  کے تحفظ اور نوجوان نسل کے محفوظ مستقبل کے لیے پرعزم ہے۔

مزید پڑھیں