خیبرپختونخوا کے وزیر برائے اعلی تعلیم و بلدیات مینا خان آفریدی نے بلدیاتی خدمات میں شفافیت، بہتری اور فوری ازالے کے لیے ایک اہم اور انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے شکایات ازالہ ایپ“منصوبہ عمل”کا باقاعدہ آغاز کر دیا

خیبرپختونخوا کے وزیر برائے اعلی تعلیم و بلدیات مینا خان آفریدی نے بلدیاتی خدمات میں شفافیت، بہتری اور فوری ازالے کے لیے ایک اہم اور انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے شکایات ازالہ ایپ“منصوبہ عمل”کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔ اس سلسلے میں لوکل گورننس سکول حیات آباد میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں صوبہ بھر سے تحصیل میونسپل انتظامیہ کے افسران نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر بلدیات مینا خان آفریدی نے کہا کہ اس ڈیجیٹل نظام کے ذریعے اب عوام بلدیاتی امور، خدمات کی بہتری اور بروقت فراہمی سے متعلق اپنی شکایات اور تجاویز براہِ راست منصوبہ عمل ایپ کے ذریعے درج کر سکیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس ایپ کے تحت شکایات سب سے پہلے نچلی سطح کے ذمہ دار افسران کو موصول ہوں گی تاکہ مسائل کا حل مقامی سطح پر ممکن بنایا جا سکے، جبکہ شکایات حل نہ ہونے کی صورت میں معاملہ خود بخود اعلیٰ حکام تک پہنچ جائے گا۔وزیر بلدیات نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور نئے طرزِ فکر کے ذریعے عوامی شکایات کے بروقت اور مؤثر حل کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کو بہتر، تیز اور شفاف بلدیاتی خدمات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ مینا خان آفریدی نے مزید کہا کہ منصوبہ عمل ایپ ان کے اپنے موبائل فون میں بھی انسٹال ہوگی اور وہ شکایات کے ازالے کے عمل کی خود نگرانی کریں گے۔تقریب میں سیکرٹری بلدیات ظفرالاسلام سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے، جبکہ وزیر بلدیات کو شکایات ایپ کی فعالیت، طریقہ کار اور مانیٹرنگ سسٹم پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وزیر بلدیات نے عوام سے اپیل کی کہ خیبرپختونخوا کو پاک صاف، منظم اور بہتر صوبہ بنانے کے لیے منصوبہ عمل شکایات ایپ کا بھرپور اور ذمہ دارانہ استعمال کریں تاکہ بلدیاتی نظام میں شفافیت اور جوابدہی کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

مزید پڑھیں