وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے وزیر مملکت طلال چوہدری کی جانب سے خیبرپختونخوا حکومت پر عائد کی گئی بے بنیاد الزام تراشیوں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وفاق پر چوری شدہ مینڈیٹ کے ذریعے قابض حکومت کا دہشت گردی جیسے حساس اور سنگین معاملے پر مسلسل سیاست چمکانا قابل مذمت اور افسوسناک ہے،یہاں سے جاری اپنے بیان میں معاون خصوصی نے کہا کہ دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کی پالیسی بالکل واضح ہے۔ دہشت گردی کسی ایک صوبے کا نہیں بلکہ پورے ملک اور عالمی سطح کا مسئلہ بن چکا ہے۔ اس نازک معاملے پر وفاق کا خیبرپختونخوا کے ساتھ نامناسب اور غیر ذمہ دارانہ طرز عمل دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس اہلکاروں اور معصوم سویلین شہداء کی توہین کے مترادف ہے،شفیع جان نے کہا کہ طلال چوہدری واضح کریں کہ وہ کس بنیاد پر ایک صوبے کو دہشت گردی کا ذمہ دار ٹھہرا رہے ہیں جبکہ اس جنگ میں سیکیورٹی فورسز، عوام اور پاکستان تحریک انصاف کے منتخب اراکین اسمبلی بھی نشانہ بن چکے ہیں،انہوں نے کہا کہ یہ ملک کی بدقسمتی ہے کہ وفاق اور پنجاب پر ایک ایسی سیاسی جماعت غیر جمہوری، غیر آئینی اور غیر قانونی طریقے سے قابض ہو چکی ہے جو دہشت گردی جیسے سنگین مسئلے پر بھی جھوٹ اور سیاست سے باز نہیں آ رہی،معاون خصوصی نے خیبرپختونخوا میں سی ٹی ڈی کے نہ ہونے کے دعوے کو طلال چوہدری کی کم علمی، نااہلی اور سیاسی بغض کا واضح ثبوت قرار دیتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں سی ٹی ڈی اور پولیس دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن پر مشترکہ طور پر لڑ رہی ہیں۔ پولیس اور سی ٹی ڈی کے جوانوں نے اس جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں جبکہ صوبائی حکومت نے ان اداروں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے 31 ارب روپے کی منظوری دی ہے،شفیع جان نے سیف سٹی منصوبے کے حوالے سے پراپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پشاور میں سیف سٹی منصوبہ آئندہ ہفتے مکمل ہو جائے گا جبکہ بنوں اور دیگر اضلاع کے لیے بھی فنڈز کی منظوری دی جا چکی ہے،انہوں نے طلال چوہدری کو خیبرپختونخوا حکومت کی کارکردگی یاد دلاتے ہوئے کہا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ عوام نے کسی سیاسی جماعت کو تیسری مرتبہ خدمت کا موقع دیا ہے، اگر پاکستان تحریک انصاف کی کارکردگی تسلی بخش نہ ہوتی تو عوام اسے تیسری بار اپنا مینڈیٹ کیوں دیتے۔معاون خصوصی نے کہا کہ سیاسی بغض کے باعث طلال چوہدری کو عوامی فیصلے سے اس قدر
تکلیف کیوں ہے؟ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی آپریشن سے متعلق اپنا دوٹوک مؤقف واضح طور پر بیان کر چکے ہیں جبکہ آپریشن کے معاملے پر صوبائی حکومت کو آن بورڈ لینے سے متعلق طلال چوہدری کے بیانات بے سروپا اور حقائق کے منافی ہیں
