مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم کی زیر صدارت تبدیل ہونے والی ڈائریکٹر جنرل کیپرا فوزیہ اقبال کے اعزاز میں سول سیکرٹریٹ محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا پشاور میں ایک سادہ اور پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں سپیشل سیکرٹری خالد اقبال، ایڈیشنل سیکرٹری عبد الحسیب، ایڈیشنل سیکرٹری توصیف خالد و ڈپٹی سیکرٹری محمد یوسف سمیت خیبرپختونخوا ریونیو اتھارٹی کے کلکٹر صاحبان اور افسران نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران مشیر خزانہ خیبرپختونخوا نے تبدیل ہونے والے ڈائریکٹر جنرل کی خیبرپختونخوا ریونیو اتھارٹی میں شاندار خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پیشہ ورانہ دیانتداری، محنت اور لگن کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔ اُن کی قیادت میں محکمے نے کئی اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ ان کی نگرانی میں ادارے نے اپنے مقرر کردہ اہداف سے زائد ٹیکس محصولات جمع کیے ہیں اور ادارے کے کئی کورٹ کیسز اپنے منطقی و قابلیت کے بنیاد پر جیتے ہیں۔ اس موقع پر مشیر خزانہ خیبرپختونخوا نے فوزیہ اقبال کو یادگاری شیلڈ پیش کی اور ان کی خدمات پر شکریہ ادا کیا۔ مزمل اسلم نے کہا کہ فوزیہ اقبال جیسے افسران اداروں کے لیے اثاثہ ہوتے ہیں، اور ان کا تجربہ دیگر افسران کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ اس موقع پر دیگر افسران اور حکام نے بھی تبدیل ہونے والے ڈائریکٹر جنرل کیپرا فوزیہ اقبال کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فوزیہ اقبال ایک تجربہ کار، باصلاحیت اور وژنری افسر تھے جن کی قیادت میں خیبرپختونخوا ریونیو اتھارٹی نے کئی اہم کامیابیاں حاصل کیں۔ ان کا انتظامی وژن اور ٹیم ورک کا جذبہ نوجوان افیسرز کے لئے ایک مثال ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فوزیہ اقبال نے محکمے میں ایک مثبت اور پیشہ ورانہ ماحول کو فروغ دیا، اور اُن کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔تقریب میں دیگر مقررین نے بھی فوزیہ اقبال کے ساتھ کام کرنے کے اپنے تجربات بیان کیے اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ فوزیہ اقبال نے اپنے خطاب میں تمام افسران و اہلکاروں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری دیانتداری سے نبھانے کی کوشش کرتے رہے، اور انہیں خوشی ہے کہ وہ ایک باعزت انداز میں اپنی خدمات مکمل کر کے رخصت ہو رہے ہیں۔ تقریب کا اختتام دعائیہ کلمات اور فوزیہ اقبال کے لیے نیک تمناؤں کے اظہار پر ہوا۔
