خیبرپختونخوا کے وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجدعلی نے کہا ہے کہ ان کے گھر پر گزشتہ روز کی صبح 6 بجکر 8 منٹ پر ہینڈ گرنیڈ سے حملہ کیا گیا۔تاہم انہوں نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا کہ افسوسناک واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، لیکن گھر کو جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایف آئی آر درج کر لی ہے اور اس ضمن میں تحقیقات کا آغاز کر دیا گیاہے۔ واقعہ کی تفصیلات میڈیا کو جاری کرتے ہوئے ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ وہ فسطائیت اور جبر کے اندھیروں کے خلاف ہر موڑ پر آواز بلند کر تے رہیں گے، ان کا کہنا تھا کہ یہ حملہ بھی ایک ایسی سازش کی کڑی ہے جس کا مقصد ان کی آواز کو دبانا ہے۔ ڈاکٹر امجد علی نے واضح کیا کہ وہ حق اور سچ کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے، جبکہ اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈے ان کا حوصلہ پست نہیں کر سکتے۔
