نرسنگ کیڈر کے مسائل کے حل کے لیے ہنگامی اجلاس

خیبر پختونخوا کے وزیرِ صحت خلیق الرحمٰن کی سرپرستی میں نرسنگ کیڈر کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبہ بھر سے نرسنگ قیادت، سینئر نرسز، نرسنگ ایجوکیشن سے وابستہ ماہرین اور مختلف نرسنگ ایسوسی ایشنز کے نمائندگان نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران نرسنگ کمیونٹی نے متفقہ طور پر نرسنگ ڈائریکٹریٹ کے قیام، دو ہزار اکیس سے پبلک سروس کمیشن میں موجود خالی اسامیوں کو پر کرنے، نئی اسامیوں کی تخلیق، سروس رولز میں ضروری ترامیم، اور گورنمنٹ نرسنگ کالجز میں خالی آسامیوں کو پر کرنے جیسے مسائل پیش کئے۔ اس کے ساتھ ایم ٹی آئی اداروں میں نرسز کو درپیش مسائل کے حل کے لیے موجودہ ایم ٹی آئی ایکٹ میں ترامیم پر بھی زور دیا گیا۔صوبائی وزیرِ صحت خلیق الرحمٰن نے نرسنگ کمیونٹی کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا اور باہمی مشاورت کے ذریعے قابلِ عمل اور پائیدار حل نکالے جائیں گے۔ڈسٹرکٹ نرسنگ ایسوسی ایشن دیر کے صدر ہدایت خان نے تمرگرہ ہسپتال میں پیش آنے والے واقعے پر صوبائی وزیرِ صحت کو تفصیلی بریفنگ دی اور فوری دادرسی کی درخواست کی۔ڈاکٹر بی بی سلطانیہ نے کہا کہ مریض کی صحت یابی میں نرس کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے اور صحت مند معاشرے کے قیام میں نرسز کا کردار ناقابلِ فراموش ہے۔ ان کے مطابق نرسز کے مسائل کے حل سے صحت کے نظام میں واضح بہتری آئے گی۔اجلاس کے اختتام پر نرسنگ افسران اور نمائندگان نے صوبائی وزیرِ صحت کا شکریہ ادا کیا۔

مزید پڑھیں