محکمہ سیاحت، ثقافت و آثارِ قدیمہ خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام عوامی شکایات و آراء کے لئے ای۔کچہری کا انعقاد

محکمہ سیاحت، ثقافت و آثارِ قدیمہ خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام عوامی شکایات و آراء کے لئے ای۔کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں متعدد عوامی شکایات سنی گئیں اور ان کے حل کے لئے احکامات بھی جاری کئے گئے۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے محکمہ سیاحت، ثقافت و آثارِ قدیمہ خیبرپختونخوا کے ایڈیشنل سیکرٹری محمد نواز نے کہا ہے کہ محکمہ اپنے اہداف کے حصول کے لئے مؤثر اقدامات کر رہا ہے اور اس ضمن میں عوامی شکایات اور تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہیں تاکہ صوبے میں ثقافت کی بہتر ترویج،تاریخی آثار کو محفوظ بنایا اور پائیدار سیاحت کو فروغ دیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی آراء کو ترجیح دی جائے گی اور مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ محکمہ سیاحت، ثقافت و آثارِ قدیمہ کے زیر اہتمام منعقدہ ای کچہری میں تمام متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ ای کچہری کے دوران پہلے سے موصول ہونے والی شکایات اور تجاویز پر غور کیا گیا اور آن لائن جوابات دیے گئے، جبکہ موقع پر موصول ہونے والی شکایات اور تجاویز کا بھی فوری ازالہ کیا گیا۔ای کھلی کچہری میں کوہاٹ، ڈی آئی خان، کوہستان، دیر، چترال، پشاور، سوات، مردان، بنوں، ہزارہ، مانسہرہ اور بٹگرام سے شہریوں نے شرکت کی اور اپنے مسائل اور تجاویز سے حکام کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر صوبے کے مختلف علاقوں میں جاری اور مجوزہ محکمانہ اقدامات، سیاحتی مقامات پر سہولیات، بھرتی کے قواعد و ضوابط، اشتہارات، ونٹر فیسٹیولز، ایوبیہ چیئر لفٹ، کیلاش فیسٹیول، چترال میں محکمہ کی سرگرمیاں، بی ایس ٹورازم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ کے فریش گریجویٹس کے لیے مواقع، محکمہ کے زیر انتظام عمارات کی صورتحال، خیبر میزبان ٹورازم پراجیکٹ اور ٹورازم پولیس کی ریگولرائزیشن جیسے امور زیرِ بحث آئے۔ایڈیشنل سیکرٹری سیاحت نے متعلقہ افسران کو عوامی شکایات کے ازالے کے لئے ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے تاریخی ورثے کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کے گڈ گورننس روڈ میپ کے تحت خیبرپختونخوا میں پائیدار سیاحت کے فروغ کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جا رہے ہیں، اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

مزید پڑھیں