خیبرپختونخوا کے وزیر آبپاشی ریاض خان کے دفتر پشاور میں محکمہ آبپاشی سے متعلق آن لائن کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ کھلی کچہری کے دوران صوبائی وزیر آبپاشی ریاض خان نے بذریعہ ٹیلیفون صوبہ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع سے عوام کی فون کالز سنیں اور انہیں درپیش مسائل سے براہ راست آگاہی حاصل کی۔ اس موقع پر سیکرٹری محکمہ آبپاشی عبدالباسط سمیت محکمہ کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ کھلی کچہری میں موصول ہونے والی تمام شکایات کو باقاعدہ ریکارڈ پر لیا گیا جبکہ تمام شکایت کنندگان کے موبائل نمبرز نوٹ کیے گئے۔ صوبائی وزیر آبپاشی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات کے مکمل حل کے لیے ایک سے دو ہفتوں پر مشتمل واضح ٹائم لائن کے اندر عملی اقدامات یقینی بنائے جائیں اور شکایت کنندگان کو پیش رفت سے باقاعدہ آگاہ رکھا جائے۔ صوبائی وزیر آبپاشی ریاض خان نے کہا کہ محکمہ آبپاشی ایک عوامی خدمت کا ادارہ ہے اور عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شکایات کے فوری اور مؤثر ازالے کو یقینی بنایا جائے اور ذمہ داری میں غفلت برتنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کھلی کچہری کا انعقاد قائد عمران خان اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کے وژن کا عملی مظہر ہے، جس کا مقصد نچلی سطح پر عوام کے ساتھ براہ راست رابطہ قائم کرنا اور ان کے مسائل فوری طور پر سن کر حل کرنا ہے۔ ریاض خان کا کہنا تھا کہ قائد عمران خان اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی ہمیشہ عوامی مسائل کے حل پر یقین رکھتے ہیں اور کھلی کچہری کا نظام اسی عوام دوست پالیسی کا تسلسل ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ کھلی کچہری جیسے اقدامات سے نہ صرف عوام کو اپنی شکایات اور تجاویز پیش کرنے کا موقع ملتا ہے بلکہ حکومتی اداروں کی کارکردگی میں شفافیت اور بہتری بھی آتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت عوامی خدمت کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور کھلی کچہریوں کے ذریعے عوامی مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کیا جا رہا ہے۔ ریاض خان نے عوام کی جانب سے کھلی کچہری میں بھرپور شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات عوام اور حکومت کے درمیان اعتماد، شفافیت اور باہمی رابطے کو مزید مضبوط بناتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محکمہ آبپاشی میں میرٹ اور انصاف کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے اور کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔ صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ محکمہ آبپاشی میں کسی بھی قسم کی بدعنوانی، اقربا پروری یا اختیارات کے ناجائز استعمال کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور محکمہ کو مزید شفاف، فعال اور عوام دوست ادارہ بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
