خیبر پختونخوا میں سالانہ بھل صفائی مہم کا آغاز

خیبرپختونخوا کے وزیر آبپاشی ریاض خان نے شامی روڈ پشاور میں نہروں کی سالانہ بھل صفائی اور سالانہ مرمت و بحالی مہم کا باضابطہ افتتاح کر دیا ہے۔ افتتاحی تقریب میں ممبر صوبائی اسمبلی میاں شرافت علی خان، سیکرٹری محکمہ آبپاشی عبدالباسط، محکمہ آبپاشی کے اعلیٰ حکام اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر محکمہ آبپاشی کے حکام نے صوبائی وزیر کو جاری بھل صفائی اور مرمت و بحالی منصوبوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ محکمہ آبپاشی خیبرپختونخوا صوبے بھر میں 4,060کلومیٹر طویل نہری نظام کی نگرانی اور دیکھ بھال کر رہا ہے جبکہ موجودہ مہم کے دوران2,030کلومیٹر نہروں کی بھل صفائی کی جا رہی ہے جو مجموعی نہری نظام کا 50 فیصد بنتا ہے۔ بھل صفائی کے لئے 441.27ملین روپے مختص کیے گئے ہیں۔ حکام نے بتایا کہ نہروں کے پشتوں، لائننگ اور دیگر متعلقہ ڈھانچوں کی مرمت کے لئے 285.64 ملین روپے، ٹیوب ویلز اور لفٹ اریگیشن سکیموں (الیکٹریکل و مکینیکل ورک) کی بحالی کے لیے89.63ملین روپے جبکہ فلڈ پروٹیکشن اور ڈرینیج سے متعلق کاموں کے لئے83.47ملین روپے مختص کیے گئے ہیں۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر آبپاشی ریاض خان نے کہا کہ محکمہ آبپاشی صوبے بھر میں نہروں، ڈسٹری بیوشن سسٹمز، ہیڈ ورکس، ٹیوب ویلز، لفٹ اریگیشن سکیموں اور فلڈ پروٹیکشن ڈھانچوں پر مشتمل اہم انفراسٹرکچر کی دیکھ بھال کر رہا ہے، جو 25 لاکھ ایکڑ سے زائد زرعی اراضی کو سیراب کر کے کسانوں کو روزگار اور صوبے کی غذائی تحفظ کو بنیاد فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی خصوصی ہدایات اور وژن کے مطابق ایک بھرپور انداز میں مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال جنوری تا فروری نہری بندش کے دوران مرمت و بحالی پروگرام کے تحت بھل صفائی، پشتوں کی مضبوطی اور ساختی مرمت کے کام انجام دیا جاتا ہے تاکہ کاشت کے موسم میں پانی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ بھل صفائی کا مقصد نہروں میں پانی کی گنجائشی صلاحیت کو بحال رکھنا، پانی کے ضیاع کو کم کرنا اور آخری سرے کے کسانوں تک منصفانہ پانی کی ترسیل کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نہروں سے نکالی جانے والی بھل عارضی طور پر دو سے تین دن نہری کناروں پر رکھی جاتی ہے، جس کے بعد اسے مقررہ طریقہ کار کے تحت منتقل کیا جاتا ہے جبکہ ماحولیاتی اصولوں اور حفاظتی ضوابط پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ریاض خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت وزیراعلی سہیل آفریدی کی قیادت میں نہری نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے، دیکھ بھال کے معیار کو مزید بہتر بنانے اور ماحولیاتی تقاضوں کی تکمیل کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی و مرمتی کام شفاف، بروقت اور مقررہ معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں اور کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی نہ برتی جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات صوبے میں پانی کے بہتر انتظام، زرعی پیداوار میں اضافے اور کسانوں کے مسائل کے پائیدار حل کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ آبپاشی عوام کی فلاح و بہبود کے لئے ہر وہ اقدام کرے گا جس سے عوام کو حقیقی سہولیات میسر آئیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوامی مسائل کے حل پر یقین رکھتی ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ آبپاشی کے جانب سے صوبے بھر کے ہر سیکٹر میں بلاامتیاز ترقیاتی کام کئے جائیں گے تاکہ عوام کو بلا تفریق یکساں سہولیات فراہم ہوں۔

مزید پڑھیں