ملک بھر میں کامیاب پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن ہڑتال مینڈیٹ چور حکومتوں کے خلاف عوامی ریفرنڈم ہے، شفیع جان

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر میں کامیاب پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن ہڑتال مینڈیٹ چور حکومتوں کے خلاف عوامی ریفرننڈم ہے،دو سال قبل عوام نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کو بھاری اکثریت سے مینڈیٹ دیا، مگر بدقسمتی سے اس عوامی مینڈیٹ کو چوری کر کے وفاق، پنجاب، بلوچستان اور سندھ میں کٹھ پتلی حکمران عوام پر مسلط کیے گئے،انہوں نے کہا کہ اتوار کی کامیاب پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن ہڑتال جعلی حکومتوں کے خاتمے کی جانب عوام کا پہلا واضح پیغام ہے، صوبے بھر میں کارکنان نے تاریخی ریلیاں نکال کر مینڈیٹ چوری کے خلاف پُرامن احتجاج کیا جو اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام جعلی، مینڈیٹ چور اور عوام دشمن حکومتوں کو مسترد کر چکے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو ان جعلی حکومتوں سے جلد نجات دلائی جائے گی۔شفیع جان نے کہا کہ عوام کے منتخب حقیقی وزیراعظم عمران خان کو غیر قانونی اور جھوٹے مقدمات میں قید رکھا گیا ہے مگر اس کے باوجود وہ آج بھی عوام کے دلوں میں بستے ہیں،انہوں نے کامیاب شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال پر تاجر برادری اور ٹرانسپورٹرز کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بھرپور حمایت سے یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ وہ بھی وفاقی حکومت کی ناقص معاشی پالیسیوں سے تنگ آ چکے ہیں۔ وفاقی حکومت کے پاس نہ تو ملک کو معاشی طور پر مستحکم کرنے کا کوئی واضح روڈمیپ ہے اور نہ ہی عوامی مسائل کے حل کے لیے کوئی مؤثر پالیسی،معاون خصوصی نے پنجاب میں سرکاری سطح پر بسنت منانے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں دہشت گردی کے واقعے کے باوجود اس تہوار کو جاری رکھنا پنجاب حکومت کی سنگین بے حسی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پر مسلط جعلی وزیراعلیٰ نے بسنت کی آڑ میں سرکاری وسائل کو ذاتی تشہیر کے لیے استعمال کیا، جبکہ جعلی پنجاب حکومت کی کارکردگی سے عوام شدید نالاں ہیں۔ بسنت کے نام پر عوام کے ٹیکس کا پیسہ بے دریغ ضائع کیا گیا، جو ایک غیر ذمہ دارانہ اقدام ہے،خاص طور پر ایسے وقت میں جب ملک دہشت گردی اور سنگین معاشی چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے،انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کی ناقص پالیسیوں کے باعث کسان رُل گئے ہیں اور جعلی حکومت عوام کے حقیقی مسائل سے مکمل طور پر لاعلم ہے۔ وفاق اور پنجاب کی غیر قانونی اور غیر آئینی حکومتیں عوام کی حقیقی خیرخواہ نہیں ہو سکتیں،صرف عوام کے منتخب نمائندوں کی حکومت ہی عوامی مسائل اور مشکلات کا حقیقی ادراک رکھتی ہے،شفیع جان نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت عوام کے ٹیکس کے پیسوں پر ذاتی تشہیر نہیں کرتی اور سرکاری اشتہارات میں وزیراعلیٰ کی تصویر لگانے پر بھی پابندی ہے۔ سرکاری وسائل کا استعمال سیاسی شوز اور جعلی تشہیری مہمات کے بجائے شفاف انداز میں عوامی فلاح کے لیے ہونا چاہیے۔ قوم وفاقی اور پنجاب حکومتوں کے اس غیر ذمہ دارانہ رویے کو کبھی قبول نہیں کرے گی۔

مزید پڑھیں