خیبرپختونخوا کی سینئر خاتون صحافی محترمہ انیلا شاہین انتقال کر گئیں ان کی وفات نے صحافتی حلقوں کو غمگین کر دیا ہے ،انیلا شاہین نے سچائی اور عوامی مسائل کو ہمیشہ اپنی آواز بنایا۔مرحومہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا سے کئی عشروں تک وابستہ رہیں۔مرحومہ انیلا شاہین ایک نڈر، بااصول اور پیشہ ور صحافی تھیں جن کی صحافتی خدمات مدتوں یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے نہ صرف صحافت کے میدان میں نمایاں کردار ادا کیا بلکہ صحافی برادری کے حقوق، آزادیٔ صحافت اور کارکن صحافیوں کے مسائل کے حل کے لیے بھی بھرپور جدوجہد کی۔ ان کا یہ قائدانہ کردار ہمیشہ مشعلِ راہ رہے گا۔وہ خیبرپختونخوا کے کارکن صحافیوں کی نمائندہ تنظیم خیبر یونین آف جرنلسٹس کی منتخب جنرل سیکرٹری کے منفرد اعزاز سمیت دیگر عہدیدوں پر کارکن صحافیوں کے حقوق و مفادات کے لئے سرگرم رہیں۔ اور خیبرپختونخوا میں صحافیوں کے اعلی ترین ادارہ پشاور پریس کلب کے مختلف اہم عہدوں پر خدمات انجام دے کر صحافیوں کی موثر نمائندگی کرتی رہیں۔انہوں نے اپنی شاندار صحافتی خدمات اور قابل قدر قائدانہ کردار سےاوریہاں کی صحافت پر انمٹ نقوش مرتب کئے۔اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنتُ الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے
