
گورنر خیبرپختونخوا کے مشیر برائے تعلیم و سماجی بہبود ڈاکٹر عامر عبداللہ نے کہا ہے کہ بچوں کا تحفظ، تعلیم، نشوونما اور وقار حکومت اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ہر بچے کو بدسلوکی، استحصال، تشدد اور غفلت سے پاک محفوظ ماحول فراہم کرنا اور اسے اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے یکساں مواقع دینا ناگزیر ہے۔ بچوں کے حقوق کا تحفظ محض قانونی یا سماجی تقاضا نہیں بلکہ ایک محفوظ اور بہتر مستقبل کی بنیاد ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز ریڈیو پاکستان پشاور کے صاحبزادہ عبدالقیوم آڈیٹوریم میں خیبرپختونخوا چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر کمیشن کے زیر اہتمام عالمی یومِ اطفال 2026 کی صوبائی سطح کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں سیکرٹری زکوٰۃ، عشر، سماجی بہبود، خصوصی تعلیم و ترقیِ خواتین معتصم باللہ شاہ، ایڈیشنل چیف چائلڈ پروٹیکشن کمیشن اعجاز محمد خان، یونیسیف کے نمائندے محمد عثمان عبدی، ہیلویٹاس پاکستان کی نمائندہ شازیہ حنا درانی، چائلڈ پروٹیکشن آفیسر بشریٰ اجمل، سرکاری محکموں، ترقیاتی شراکت داروں، سول سوسائٹی تنظیموں کے نمائندوں، بچوں اور والدین نے شرکت کی۔تقریب کے دوران سرپرستی (گارڈین شپ) کے معیاری طریقہ کار (ایس او پیز) کا باضابطہ اجرائ کیا گیا جبکہ گمشدہ اور اپنے خاندانوں سے بچھڑے بچوں کی تلاش اور ان کی خاندانوں سے دوبارہ ملاپ کے لیے معروف سماجی کارکن و مذہبی اسکالر ولی اللہ معروف کی بطور خیبرپختونخوا چائلڈ پروٹیکشن برانڈ ایمبیسیڈر نامزدگی کے سلسلے میں کمیشن اور ان کے درمیان باہمی تعاون کے ٹی او آرز پر بھی دستخط کیے گئے۔ڈاکٹر عامر عبداللہ نے اس موقع خطاب کرتے ہوئےکہا کہ بچوں کے تحفظ کے لیے خیبرپختونخوا چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر ایکٹ 2010 اور اس میں 2022 کی اصلاحاتی ترامیم ایک مضبوط قانونی بنیاد فراہم کرتی ہیں۔ تاہم قانون سازی کے ساتھ ساتھ اس پر مؤثر عملدرآمد، ادارہ جاتی استعداد میں اضافہ اور متعلقہ محکموں کے درمیان مربوط رابطہ کاری بھی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی سطح پر تحفظِ اطفال کے نظام کو مضبوط بنانے، خدمات کی فراہمی بہتر کرنے اور عوامی آگاہی کے فروغ کے لیے کمیشن کی کاوشیں قابل تحسین ہیں اور موجودہ 12چائلڈ پروٹیکشن یونٹس کیساتھ ساتھ 5 مزید بڑھائے جارہے ہیں۔مشیر تعلیم و سماجی بہبود نے کہا کہ انہیں فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق کمیشن اب تک 35 ہزار 764 بچوں تک رسائی حاصل کر چکا ہے جن میں 21 ہزار 345 لڑکے اور 12 ہزار 664 لڑکیاں شامل ہیں۔ کمیشن نے 7 ہزار 890 بچوں اور خاندانوں کو قانونی معاونت فراہم کی، گمشدہ بچوں کے 3 ہزار 456 کیسز نمٹائے، گھر سے بھاگنے والے 456 بچوں کی مدد کی، 678 بچوں کو بحفاظت ان کے خاندانوں سے ملایا، 345 بچوں کو دوبارہ اپنی خاندانوں، سکولوں اور معمول کی زندگی میں شامل کیا جبکہ 432 بے سہارا بچوں کی نگہداشت کی گئی۔ اس کے علاوہ 40 سے زائد بچوں کو باقاعدہ سرپرستی کے ذریعے مستقل خاندانی ماحول فراہم کیا گیا۔انہوں نے سرپرستی کے معیاری ایس او پیز کے اجرائ کو بچوں کی نگہداشت اور سرپرستی کے نظام کو منظم، شفاف اور مؤثر بنانے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یونیسیف کے تکنیکی تعاون سے تیار کردہ ان ایس او پیز کے ذریعے متعلقہ اداروں کے طریقہ کار اور ذمہ داریوں کو واضح کرنے کے ساتھ ساتھ بچوں کے بہترین مفاد کو ہر فیصلے میں مقدم رکھا جا سکے گا۔ انہوں نے سرپرستی کے آن لائن ڈیٹا بیس اور پورٹل کی تیاری کو بھی سراہا اور کہا کہ اس ڈیجیٹل نظام سے سرپرستی کے کیسز کی درخواست، کارروائی، متعلقہ حکام کو منتقلی اور پیش رفت کی نگرانی میں سہولت ملے گی، جس سے شفافیت اور ادارہ جاتی رابطہ کاری بہتر ہوگی۔ڈاکٹر عامر عبداللہ نے چائلڈ پروٹیکشن برانڈ ایمبیسیڈر ولی اللہ معروف کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ گزشتہ پانچ سے چھ سال کے دوران انہوں نے ہزاروں ایسے بچوں کو ان کے خاندانوں سے دوبارہ ملانے میں کردار ادا کیا ہے جو برسوں سے اپنے پیاروں سے بچھڑے ہوئے تھے۔ ان میں ایسے کیسز بھی شامل ہیں جو تقریباً 30 سال بعد ڈی این اے تجزیے کے ذریعے حل ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ولی اللہ معروف انفرادی طور پر ایک پورے ادارے کی سطح کا کام انجام دے رہے ہیں جنھوں نے متعدد بیرونی ممالک میں اپنے پیاروں کو ملایا ہے اور ان کی خدمات کو بین الاقوامی ذرائع ابلاغ میں بھی اجاگر کیا گیا ہے۔انھوں نے کہا کہ کمیشن کو بچوں کے تحفظ اور اپنی سرگرمیوں سے متعلق عوامی آگاہی کے فروغ کے لیے ایسے ہی متحرک کردار کی ضرورت تھی اور ولی اللہ معروف یہ خدمات بلا معاوضہ انجام دیں گے۔مشیر سماجی بہبود نے کہا کہ بچوں کے تحفظ کے لیے صرف ادارہ جاتی اقدامات کافی نہیں بلکہ خاندانوں، برادریوں، تعلیمی اداروں اور سول سوسائٹی کی فعال شرکت بھی ضروری ہے۔ گمشدہ بچوں کی بروقت اطلاع، خاندانوں کی تلاش اور بچوں کے بحفاظت دوبارہ ملاپ کے لیے عوامی تعاون بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ وہ کمیشن کے ساتھ رابطہ کاری مزید بہتر بنائیں تاکہ بچوں کو درپیش مسائل کا بروقت تدارک اور انہیں ضروری تحفظ و معاونت کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ڈاکٹر عامر عبداللہ نے ہیلویٹاس پاکستان کی جانب سے 800 بچوں کو فنی و پیشہ ورانہ مہارتوں کی تربیت فراہم کرنے کے اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے محکمہ سماجی بہبود کو ہدایت کی کہ ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی نگہداشت اور تحفظ کے لیے فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ زیادہ سے زیادہ مستحق بچوں تک ان خدمات کی رسائی یقینی بنائی جائے۔تقریب میں بچوں کی جانب سے پیش کردہ اسٹیج پرفارمنس کو بھی سراہتے ہوئے مشیر تعلیم نے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں معاشرے میں بچوں کو درپیش مسائل، ان کے حقوق اور تحفظ کے حوالے سے مثبت و منفی رویوں کی مؤثر عکاسی کرتی ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بچوں کے تحفظ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے کمیشن اور تمام متعلقہ اداروں کی کوششوں کو تقویت دی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے ضلعی چائلڈ پروٹیکشن یونٹس کی استعداد بڑھانے، پولیس، صحت، تعلیم، ضلعی انتظامیہ اور سماجی بہبود کے محکموں کے درمیان رابطہ کاری بہتر بنانے اور عوامی آگاہی و احتیاطی اقدامات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے تاکہ کوئی بھی بچہ عدم تحفظ، استحصال یا بے یار و مددگار ہونے کی صورت حال سے دوچار نہ ہو۔تقریب کے اختتام پر مشیر تعلیم و سماجی بہبود ڈاکٹر عامر عبداللہ نے محکمہ سماجی بہبود کے حکام اور معاون اداروں کے نمائندوں میں شیلڈز تقسیم کیں جبکہ بچوں کو تحائف اور کٹس بھی پیش کی گئیں۔
