مشیر کھیل ڈاکٹر سرفراز علی شاہ کا ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم کا تفصیلی دورہ، پی ایس ایل سیزن 12 کی افتتاحی تقریب پشاور میں منعقد کرنے کے اعلان کا خیرمقدم

گورنر خیبرپختونخوا کے مشیر برائے معدنیات، کھیل و امور نوجوانان ڈاکٹر سید سرفراز علی شاہ نے ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم پشاور کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 12 کی افتتاحی تقریب اور کرکٹ میچز کے انعقاد کے حوالے سے سٹیڈیم میں دستیاب سہولیات، انتظامات اور تیاریوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر سیکرٹری کھیل و امور نوجوانان، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس اور محکمہ کے دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔دورے کے دوران مشیر کھیل نے سٹیڈیم کے کرکٹ گراؤنڈ، کھلاڑیوں کے پویلین، کرکٹ اکیڈمی، مختلف حصوں اور دیگر انتظامی و بنیادی سہولیات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران سے سٹیڈیم کی موجودہ صورتحال، صفائی ستھرائی، مرمت و بحالی کے کاموں اور کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین کرکٹ کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی حاصل کی۔اس موقع پر مشیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم کی صفائی ستھرائی، مرمت و بحالی اور دیگر ضروری انتظامات کو بروقت مکمل کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سٹیڈیم کے تمام حصوں کو بہتر بنایا جائے اور کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین کرکٹ کے لیے معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ پشاور میں بڑے قومی اور بین الاقوامی کرکٹ ایونٹس کے انعقاد کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کی جانب سے پی ایس ایل سیزن 12 کی افتتاحی تقریب پہلی مرتبہ پشاور میں منعقد کرنے اور شہر کو پی ایس ایل میچز کی میزبانی کا موقع دینے کے اعلان کو خوش آئند اور قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے نے خیبرپختونخوا کے عوام، بالخصوص کرکٹ کے شائقین کے دل جیت لیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پشاور میں پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب اور میچز کا انعقاد صوبے میں کرکٹ کی بحالی، فروغ اور کھیلوں کی سرگرمیوں کو نئی تقویت دینے کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ یہ اقدام نہ صرف خیبرپختونخوا میں کرکٹ کے بے پناہ ٹیلنٹ پر اعتماد کا اظہار ہے بلکہ صوبے کے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے نئے مواقع بھی پیدا کرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم میں عالمی کرکٹ سرگرمیوں کی بحالی صوبے کے نوجوانوں اور شائقین کرکٹ کا دیرینہ خواب ہے۔ پشاور میں بڑے کرکٹ ایونٹس کے انعقاد سے نہ صرف نوجوانوں میں کھیلوں کا رجحان بڑھے گا بلکہ انہیں مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے اور کھیلوں کے ذریعے صحت مند معاشرے کے قیام میں بھی مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں کرکٹ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور یہاں کے نوجوانوں نے مختلف سطحوں پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ پی ایس ایل جیسے بڑے ایونٹس نوجوان کھلاڑیوں کے لیے نئی امید اور حوصلہ افزائی کا ذریعہ بنیں گے، جبکہ انہیں قومی کرکٹ کے نمایاں کھلاڑیوں کو قریب سے دیکھنے اور ان کے تجربات سے سیکھنے کا موقع بھی ملے گا۔مشیر کھیل نے کہا کہ پشاور میں پی ایس ایل کی میزبانی سے صوبے کا مثبت تشخص ملک بھر میں مزید اجاگر ہوگا اور کھیلوں کے شعبے میں سرمایہ کاری، سیاحت اور دیگر معاشی سرگرمیوں کے نئے امکانات پیدا ہوں گے۔ انہوں نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی اور پی سی بی حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پشاور کو پی ایس ایل کی میزبانی کا موقع فراہم کرنا ایک قابل قدر اقدام ہے۔ صوبائی حکومت اور متعلقہ محکمے اس اہم موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے اور سٹیڈیم میں درکار سہولیات کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پشاور کو قومی کرکٹ کے بڑے ایونٹس کا مستقل مرکز بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری اور مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔ خیبرپختونخوا میں کرکٹ کے فروغ، نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اور انہیں جدید کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔

مزید پڑھیں