خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی کی صوبہ بھر میں کوکنگ آئل ٹیسٹنگ مہم مکمل، 1 ہزار 590 لیٹر ناقص و مضر صحت آئل تلف

حکومت خیبرپختونخوا کی ہدایات پر رمضان پلان کے تحت خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ صوبہ بھر میں ایک روزہ خصوصی کوکنگ آئل انسپکشن و ٹیسٹنگ مہم مکمل کرلی۔ ترجمان فوڈ اتھارٹی نے رپورٹ کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مہم کے دوران ہوٹلوں، کباب شاپس، پکوڑا و سموسہ شاپس، سٹریٹ فوڈ پوائنٹس اور دیگر فرائی آئٹمز تیار کرنے والے مراکز کی خصوصی انسپکشن کی گئی۔
تفصیلات کیمطابق موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریز کے ذریعے استعمال شدہ کوکنگ آئل کی موقع پر جانچ کی گئی۔ مجموعی طور پر 165 نمونوں کی جانچ پڑتال کی گئی جن میں سے 140 کو معیاری جبکہ 25 نمونوں کو مضر صحت اور غیر معیاری قرار دیا گیاجبکہ ناقص ثابت ہونے پر 1 ہزار 590 لیٹر کوکنگ آئل موقع پر ہی تلف کردیا گیااور خلاف ورزی کے مرتکب مالکان پر بھاری جرمانے عائد کرنے کے ساتھ متعدد فوڈ پوائنٹس کو وارننگ نوٹس بھی جاری کیے گئے۔
ترجمان نے بتایا کہ ضلعی سطح پر کارروائیوں کے دوران پشاور میں 260 لیٹر، سوات میں 229 لیٹر، مانسہرہ میں 222 لیٹر، نوشہرہ میں 141 لیٹر، ہری پور میں 117 لیٹر، لوئر دیر میں 114 لیٹر، صوابی میں 99 لیٹر، ملاکنڈ میں 95 لیٹر، خیبر میں 57 لیٹر، کرک میں 53 لیٹر، مردان میں 42 لیٹر، چارسدہ میں 34 لیٹر، کوہاٹ میں 33 لیٹر، ایبٹ آباد میں 32 لیٹر، ڈی آئی خان میں 30 لیٹر، لوئر چترال میں 24 لیٹر جبکہ بنوں میں 8 لیٹر ناقص کوکنگ آئل تلف کیا گیا۔ڈائریکٹر جنرل کاشف اقبال جیلانی نے کہا کہ حکومت خیبرپختونخوا کے وژن کے مطابق عوام کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ رمضان المبارک کے دوران ملاوٹ مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ غیر معیاری خوراک سے متعلق شکایات فوری درج کرائیں تاکہ موصولہ اطلاعات پر بروقت کارروائی یقینی بنائی جاسکے۔

مزید پڑھیں