وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان تاج محمد خان ترند نے بدھ کے روز سیکرٹری سپورٹس کے دفتر میں منعقدہ ای کھلی کچہری کی صدارت کی۔ اس موقع پر سیکرٹری کھیل محمد آصف خان، ڈی جی کھیل تاشفین حیدر، ایڈیشنل سیکرٹری کھیل خورشید عالم، ڈائریکٹر یوتھ افیئرز ڈاکٹر نعمان مجاہد اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ای کھلی کچہری میں صوبہ بھر کے مختلف اضلاع سے عوام نے اپنی شکایات درج کرائیں۔ مانسہرہ، لکی مروت، بنوں، باجوڑ، سوات، کوہاٹ، مردان، خیبر، دیر لوئر، پشاور اور دیگر علاقوں سے شرکاء نے کھیلوں کی سہولیات کی عدم فراہمی سے متعلق مسائل اور چیلنجز سے آگاہ کیا۔مشیر کھیل نے عوام کے مسائل بغور سنے، ان کے جوابات دیے اور متعلقہ حکام کو فوری حل کے لیے عملی اقدامات اٹھانے کی ہدایت جاری کی۔مشیر کھیل تاج محمد خان ترند نے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے ای کھلی کچہری کے انعقاد کا مقصد عوامی مسائل سے براہ راست آگاہی حاصل کرنا اور ان کے فوری حل کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے دور دراز علاقوں کے مسائل کی نشاندہی اور بروقت ازالے میں مدد ملے گی۔انہوں نے خیبر پختونخوا کے عوام کو ایک بار پھر خوشخبری دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کے میچز پشاور میں منعقد ہوں گے۔ اس سلسلے میں عمران خان کرکٹ سٹیڈیم مکمل طور پر تیار ہے اور اس حوالے سے پھیلائی جانے والی افواہوں پر توجہ نہ دی جائے۔ مزید برآں، مئی میں نیشنل ٹی ٹوئنٹی کے میچز بھی پشاور میں منعقد ہوں گے جن میں خیبر پختونخوا کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔مشیر کھیل نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے یہ خوش آئند بات ہے کہ جوان مرکز کے لیے اراضی خرید لی گئی ہے اور تکمیل کے بعد نوجوان وہاں کھیلوں کی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں گے۔ انہوں نے محکمہ کھیل و امور نوجوانان کے حکام کو ہدایت کی کہ صوبہ بھر میں عوامی شکایات کے ازالے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان کے وژن اور وزیر اعلیٰ سہیل خان آفریدی کی قیادت میں خیبر پختونخوا میں کھیلوں کے میدان آباد کیے جائیں گے اور نوجوانوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
