خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے صوبہ بھر میں ایک روزہ خصوصی بیکری انسپکشن مہم مکمل کرتے ہوئے مختلف اضلاع میں بیکری یونٹس کے خلاف کارروائیاں کیں اور ہزاروں کلو گرام غیر معیاری مختلف بیکری پراڈکٹس اور استعمال ہونے والی آئل برآمد کرکے تلف کر دیا
ترجمان فوڈ اتھارٹی نے ایک روزہ مہم کے تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہاکہ مہم کے دوران صوبہ بھر میں 232 بیکری یونٹس کا معائنہ کیا گیا جبکہ 5 ہزار 641 کلو/لیٹر غیر معیاری اور مضر صحت بیکری آئٹمز، آئل اور گھی ضبط کرکے موقع پر تلف کیے گئے۔ترجمان نے بتایا کہ فوڈ سیفٹی ٹیموں نے حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر 52 امپروومنٹ نوٹسز جاری کیے اور مختلف بیکری یونٹس پر تقریباً 1.7 ملین روپے جرمانے بھی عائد کیے گئے۔
تفصیلات کےمطابق پشاور میں ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی کاشف اقبال جیلانی کی نگرانی میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے مختلف سویٹس اینڈ بیکرز کی انسپکشن کی اور موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری سے نمونوں کی جانچ پڑتال کی گئ۔ کارروائی کے دوران 200 لیٹر مضر صحت کوکنگ آئل اور 300 کلوگرام ایکسپائرڈ رسک اور مٹھائیاں برآمد کرکے تلف کی گئیں جبکہ ایک بیکری یونٹ کو سیل کردیا گیا۔
اسی مہم کے تحت نوشہرہ انڈسٹریل اسٹیٹ میں کارروائی کے دوران ایک بیکری پروڈکشن یونٹ سے 2200 کلوگرام ایکسپائرڈ اور مس لیبل بیکری آئٹمز ضبط کیے گئے اور یونٹ کو سیل کردیا گیا۔ترجمان نے کہا کہ سوات میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے ایک بیکری یونٹ سے 115 کلوگرام غیر معیاری بیکری اشیاء برآمد کرکے تلف کیں جبکہ ذمہ داران پر جرمانے عائد کرتے ہوئے امپروومنٹ نوٹسز بھی جاری کیے گئے۔ترجمان کا مزید کہنا تھاکہ ڈی آئی خان، مردان، ایبٹ آباد، ملاکنڈ، چارسدہ، بونیر، مانسہرہ،صوابی، بنوں، لوئر دیر اور لوئر چترال سمیت دیگر اضلاع میں بھی بیکری یونٹس کی چیکنگ کی گئی جہاں غیر معیاری بیکری آئٹمز کی بڑی مقدار تلف کی گئی اور حفظانِ صحت اصولوں کی خلاف ورزی پر جرمانے عائد کیے گئے۔
دوسری جانب ملاکنڈ فوڈ سیفٹی ٹیم نے علی الصبح سوات موٹروے چیک پوسٹ پر ناکہ بندی کے دوران ایک دودھ ٹینکر سے 700 لیٹر ملاوٹی دودھ برآمد کرکے موقع پر تلف کردیا جبکہ ذمہ داروں پر جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔اس موقع پر ڈی جی فوڈ اتھارٹی کاشف اقبال جیلانی کا کہنا تھا کہ صوبے میں ملاوٹ مافیا اور غیر معیاری خوراک میں ملوث کاروباروں کا خاتمہ فوڈ اتھارٹی کا مشن ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ انسان دشمن ملاوٹ مافیا کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔۔
