کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ کی زیرِ صدارت دبیر ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے مسائل کے حل کے حوالے سے اجلاس

کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ کی زیرِ صدارت دبیر ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے مسائل کے حل کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سڑک کی بندش، دبیر۔رینولیا روڈ کی تعمیر اور بنکھڈ میں سکول کے لیے اراضی مختص کرنے کے معاملات پر تفصیلی غور کیا گیا۔کمشنر ہزارہ نے کوہستان سے رکن قومی اسمبلی سردار ادریس اور سابق رکن صوبائی اسمبلی مفتی عبید الرحمٰن کی کاوشوں کو سراہا۔ کمشنر ہزارہ نے کہا کہ اگر عوام کو منصوبے سے متعلق کوئی شکایات ہوں تو احتجاج کے بجائے ضلعی انتظامیہ یا کمشنر آفس سے رجوع کریں تاکہ مسائل کا مناسب اور پائیدار حل نکالا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامی معاملات میں قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور اس سلسلے میں مقامی قیادت اور مشران سے تحریری یقین دہانی لی جائے گی کہ آئندہ سڑک بند نہیں کی جائے گی اور قانون کو ہاتھ میں نہیں لیا جائے گا۔کمشنر ہزارہ نے ہدایت کی کہ دبیر روڈ کے ایمرجنسی راستے پر دو ایکسکیویٹر مشینیں تعینات کی جائیں تاکہ ملبہ بروقت ہٹایا جا سکے اور سڑک کی بندش سے بچا جا سکے۔ انہوں نے جی ایم لینڈ اینڈ ری سیٹلمنٹ کو ہدایت کی کہ ٹینڈرنگ اور کنٹریکٹ ایوارڈ کا عمل جلد مکمل کیا جائے تاکہ اراضی کے حصول کے بعد دبیر۔رینولیا روڈ کی تعمیر فوری طور پر شروع کی جا سکے۔مزید برآں کمشنر ہزارہ نے ڈپٹی کمشنر لوئر کوہستان کو ہدایت کی کہ ایم این اے کے ساتھ مشاورت کر کے بنکھڈ میں سکول کے لیے مختص اراضی پر اتفاقِ رائے کیا جائے تاکہ سکول کی تعمیر جلد شروع کی جا سکے۔اجلاس کے اختتام پر کمشنر ہزارہ نے کہا کہ ایسے بڑے ترقیاتی منصوبے پاکستان کے مستقبل کے لیے نہایت اہم ہیں اور ان میں تاخیر سے ملک و قوم کو نقصان پہنچتا ہے لہٰذا تمام متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں بروقت ادا کریں

مزید پڑھیں