خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی کی مردان میں بڑی کارروائی، سینکڑوں کلو گرام غیر محفوظ گوشت اور کھویا برآمد کرکے تلف

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی ہدایات پر ملاوٹ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھتے ہو ئے خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے مردان میں مضر صحت گوشت کی بڑی مقدار برآمد کرکے تلف کر دی۔
ترجمان فوڈ اتھارٹی نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ فوڈ سیفٹی ٹیم نے گزشتہ شب مردان میں رشکئی انٹرچینج پر رات گئے ناکہ بندی کرتے ہوئے مختلف فوڈ سپلائی گاڑیوں کی چیکنگ کی۔
کارروائی کے دوران ایک گاڑی سے تقریباً 800 کلو گرام غیر محفوظ سیخ کباب، چکن پارٹس، دمچی اور چکن لیور برآمد کرکے موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔ ترجمان نے بتایا کہ مذکورہ گاڑی کراچی سے مردان اور ملاکنڈ ڈویژن کے مختلف علاقوں میں سپلائی کے لیے یہ اشیاء لے جا رہی تھی۔
ترجمان نے بتایا کہ 200 کلو میٹ لیور اور 100 کلو کھویا بھی برآمد کیا گیا جسے غیر محفوظ قرار دیتے ہوئے موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔
ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق ناکہ بندی کے دوران تقریباً 50 فوڈ سپلائی گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی جبکہ ملوث مالکان کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کاشف اقبال جیلانی نے کامیاب کارروائی پر ٹیم کو سراہا اورکہا کہ ملاوٹ مافیا اور غیر معیاری خوراک میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی حکومت خیبرپختونخوا کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں تمام کاوشیں کر رہی ہے۔

مزید پڑھیں