خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم ارشد ایوب خان نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت نے عوامی فلاح و بہبود اور ترقی کے میگا منصوبے شروع کئے ہیں جن میں سے کئی اہم منصوبے مکمل ہو چکے ہیں جبکہ بعض تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ مواصلات و تعمیرات، آبنوشی،صحت، تعلیم اوربلدیات سمیت جیسے شعبوں کو فعال بنانے پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے تاکہ عوام کے بنیادی مسائل جلد از جلد حل ہوں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع ہری پور میں پبلک ڈے کے موقع پر عوامی وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ پبلک ڈے کے موقع پر ان کے حلقہ نیابت سے آئے ہوئے مختلف وفود نے اپنے مسائل سے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر نے وفود کے مسائل کو انتہائی توجہ سے سنا ان کے بروقت حل کے لیے موقع پر متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایات بھی جاری کیں۔ارشد ایوب خان نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ابتدائی و ثانوی تعلیم میں کئی اہم ضروری اصلاحات کی ہیں جن کی بدولت معیار تعلیم میں بہتری آئی ہے اور طلبہ و طالبات کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آؤٹ آف سکول چلڈرن کو تعلیم کے زیور سے روشناس کرانا حکومت کی اولین ترجیحی ہے اسی لئے محکمہ تعلیم نے 2026-27 کی داخلہ مہم کے لئے13لاکھ28ہزار 620بچوں کے داخلے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ بچوں کو تعلیم دلانے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں تاکہ شرح خواندگی میں اضافہ ہو اور بچوں کے مستقبل کر روشن بنایا جا سکے۔
