جعلی برانڈڈ مشروبات کا بڑا نیٹ ورک بے نقاب، 71 ہزار لیٹر سے زائد مشروبات ضبط؛ پشاور میں خراب چکن تلف، مردان میں پھپھوندی زدہ اچار برآمد

خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے صوبہ بھر میں کارروائیاں کرتے ہوئے جعلی اور غیر معیاری مشروبات کے ایک بڑے نیٹ ورک کو بے نقاب کر دیا، جبکہ مردان میں سینکڑوں کلوگرام غیر معیاری و مضر صحت اچار اور پشاور میں باسی چکن پارٹس بھی برآمد کر لیے گئے۔ترجمان فوڈ اتھارٹی نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ خفیہ اطلاع موصول ہونے پرکوہاٹ فوڈ سیفٹی ٹیم نے رات گئے انڈس ہائی وے پر ناکہ بندی کرتے ہوئے شمالی وزیرستان جانے والی ایک گاڑی کو روک لیا۔ گاڑی کی تلاشی کے دوران تقریباً 11 ہزار 700 لیٹر جعلی اور غیر معیاری مشروبات برآمد کرکے ضبط کر لیے گئے جبکہ ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا۔تفتیش اور سراغ رسانی کے دوران کوہاٹ، پشاور اور نوشہرہ کی مشترکہ فوڈ سیفٹی ٹیم نوشہرہ کے علاقے بانڈہ نبی، تحصیل پبی میں واقع ایک گودام تک کی گئی۔ گودام پر چھاپے کے دوران تقریباً 60 ہزار لیٹر برانڈڈ جعلی اور غیر معیاری مشروبات برآمد کرکے قبضے میں لے لی گئیں۔ فوڈ اتھارٹی نے گودام کو موقع پر سیل کرتے ہوئے مالکان کے خلاف فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔دوسری جانب پشاور میں فوڈ اتھارٹی نے ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ صبح سویرے ایک چکن شاپ پر چھاپہ مار کر تقریباً 250 کلوگرام خراب اور بدبودار چکن پارٹس برآمد کرکے موقع پر تلف کر دیے۔ کارروائی کے دوران ملوث افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے ملزمان کو گرفتار کر کے جیل منتقل کر دیا گیا۔ترجمان فوڈ اتھارٹی کا مزید کہنا تھا کہ مردان میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے اچار تیار کرنے والے ایک یونٹ پر کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 1000 کلوگرام پھپھوندی زدہ اور بوسیدہ اچار برآمد کرکے تلف کر دیا۔ یونٹ مالک پر بھاری جرمانہ عائد کرتے ہوئے ایف آئی آر بھی درج کر لی گئی۔ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کاشف اقبال جیلانی نے فوڈ سیفٹی ٹیموں کو کامیاب کاروائیوں پر سراہا اورکہا کہ جعلی اور غیر معیاری خوردونوش اشیاء کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی۔

مزید پڑھیں