وزیرِ صحت خیبرپختونخوا خلیق الرحمان کی زیرِ صدارت ڈی ایچ کیو ہسپتال نوشہرہ سے متعلق ایک اہم اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی محمد عمر کاکاخیل، سیکرٹری ہیلتھ، ایڈیشنل سیکرٹریز، پراجیکٹ ڈائریکٹرز اور ایم ایس ڈی ایچ کیو نوشہرہ سمیت محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں ڈی ایچ کیو ہسپتال نوشہرہ کی مجموعی کارکردگی، درپیش مسائل اور عوام کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ہسپتال کی موجودہ صورتحال، مریضوں کے بوجھ، طبی عملے کی دستیابی اور بنیادی سہولیات کے معیار پر بھی جامع بریفنگ دی گئی۔وزیرِ صحت خلیق الرحمان کو ہسپتال کی عمارت کی موجودہ حالت اور اس کی بہتری کے لیے مجوزہ Revamping منصوبے پر بھی آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں ہسپتال کی نئی عمارت کی تعمیر، جدید طبی سہولیات کی فراہمی، اور مریضوں کے لیے بہتر ماحول کی فراہمی کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔خلیق الرحمان نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال نوشہرہ کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے اور عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو تاکید کی کہ ہسپتال کی اپ گریڈیشن اور تعمیراتی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔وزیرِ صحت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ انشاءاللہ بہت جلد ڈی ایچ کیو ہسپتال نوشہرہ کی نئی عمارت کی تعمیر کی باقاعدہ منظوری دی جائے گی اور اس منصوبے پر عملی کام کا آغاز کیا جائے گا، تاکہ عوام کو بہتر اور جدید طبی سہولیات میسر آ سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت صحت کے شعبے کی بہتری کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور تمام ضلعی ہسپتالوں کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا تاکہ عوام کو ان کے اپنے علاقوں میں بہترین علاج کی سہولت فراہم ہو۔
