وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے کوہاٹ میں سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے زیراہتمام منعقدہ تقریب میں خصوصی افراد میں الیکٹرک وہیل چیئرز اور دیگر معاونتی اشیاء تقسیم کیں جبکہ علاقے میں ایک اہم روڈ منصوبے اور شجرکاری مہم کا بھی افتتاح کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شفیع جان نے کہا کہ حکومت خصوصی افراد کو معاشرے کا خودمختار اور فعال حصہ بنانے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کی خدمت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور ان کی فلاح کے بغیر ایک باوقار معاشرہ تشکیل نہیں دیا جا سکتا۔ اس موقع پر سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے افسران، مقامی عمائدین اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی جبکہ مستحق افراد نے حکومتی اقدام کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں، شفیع جان نے میٹھا خان تا مرائی روڈ کی تعمیر کے منصوبے کا بھی افتتاح کیا جسے علاقائی ترقی کیلئے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے آمد و رفت میں آسانی کے ساتھ ساتھ تجارتی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کو بروقت اور معیاری انداز میں مکمل کیا جائے۔ افتتاحی تقریب میں مقامی نمائندوں اور کارکنان کی بڑی تعداد شریک ہوئی جبکہ پاکستان تحریک انصاف اورکزئی کے جنرل سیکرٹری عبدالرحمن بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ اسی دورے میں شفیع جان نے اربن ایریا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام شجرکاری مہم کا افتتاح بھی کیا اور پودا لگا کر مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔ انہوں نے کہا کہ شجرکاری ایک محفوظ اور سرسبز مستقبل کی ضمانت ہے اور عوام کو چاہیے کہ وہ اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔انہوں نے مزید کہا کہ 23 مارچ یومِ پاکستان کے موقع پر محکمہ جنگلات کے تحت مقررہ ہدف سے زائد 10 لاکھ پودے لگائے جا چکے ہیں جو حکومت کے ماحولیاتی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
