مشیرِ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ خیبر پختونخوا ثمر ہارون بلور نے کہا ہے کہ انسانی حقوق کے مؤثر تحفظ کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ کاری، معلومات کے تبادلے اور مشترکہ حکمتِ عملی کو مضبوط بنانا ناگزیر ہے۔ اس مقصد کے لیے صوبے میں انسانی حقوق سے متعلق اداروں کو مشترکہ ڈیجیٹل پورٹل سے منسلک کرنے اور شکایات کے ازالے کے طریقہ کار کو مزید مؤثر بنانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔اپنے دفتر سے جاری ایک بیان میں ثمر ہارون بلور نے کہا کہ انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے مختلف سرکاری ادارے اپنے اپنے قانونی دائر اختیار میں فرائض انجام دے رہے ہیں، تاہم اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری اور معلومات کے تبادلے کے نظام کی عدم موجودگی کے باعث شکایات کے ازالے میں تاخیر اور کوششوں کے تکرار جیسے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ ڈیجیٹل پورٹل کے قیام سے ان مسائل پر قابو پانے اور شکایات کے ازالے کے عمل کو تیز، مربوط اور مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے واضح کیا کہ مجوزہ منصوبے کے تحت کوئی نیا متوازی ادارہ قائم نہیں کیا جائے گا، بلکہ موجودہ اداروں کو ایک مشترکہ ڈیجیٹل نظام سے منسلک کیا جائے گا۔ اس پورٹل کے ذریعے انسانی حقوق سے متعلق شکایات کی وصولی، متعلقہ ادارے کو منتقلی، پیش رفت کی نگرانی اور حتمی نتائج کا ریکارڈ ایک ہی پلیٹ فارم پر دستیاب ہوگا، جبکہ تمام ادارے اپنے قانونی دائرہ اختیار کے اندر رہتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گے۔مشیرِ اطلاعات نے کہا کہ محکمہ سماجی بہبود، پولیس، محتسبین اور انسانی حقوق سے متعلق دیگر اداروں کو مشترکہ ڈیجیٹل پورٹل کا حصہ بنایا جائے گا، تاکہ شکایات بروقت متعلقہ اداروں تک پہنچائی جا سکیں اور ان پر ہونے والی پیش رفت کی مؤثر نگرانی یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے انسانی حقوق سے متعلق شکایات کی بروقت منتقلی، مؤثر ریفرل میکانزم کے قیام اور معلومات کے محفوظ تبادلے کے لیے عملی اقدامات تیز کرنے پر بھی زور دیا۔ثمر ہارون بلور نے ضلعی سطح پر انسانی حقوق کے تحفظ اور ادارہ جاتی رابطہ کاری کو مؤثر بنانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہر ضلع میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف و ہیومن رائٹس) انسانی حقوق سے متعلق امور کی نگرانی اور شکایات کو متعلقہ اداروں تک پہنچانے میں مؤثر کردار ادا کریں۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ پولیس افسران کے دفاتر میں انسانی حقوق سے متعلق ہیلپ ڈیسک قائم کرنے کی تجویز کو بھی اہم قرار دیا، تاکہ شہریوں کے لیے شکایات درج کرانا اور متعلقہ اداروں تک رسائی حاصل کرنا آسان بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ مشترکہ ڈیجیٹل پورٹل کا منصوبہ اقوامِ متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) کے تعاون سے یورپی یونین کے فنڈڈ پروگرام ’’حقوقِ پاکستان‘‘ کے تحت آگے بڑھایا جائے گا، جس سے صوبائی وسائل پر اضافی مالی بوجھ نہیں پڑے گا۔مشیرِ اطلاعات ثمر ہارون بلور نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ مشترکہ ڈیجیٹل پورٹل کے قیام، معلومات کے محفوظ تبادلے اور شکایات کے مؤثر ریفرل میکانزم کو عملی شکل دینے کے لیے اقدامات تیز کیے جائیں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ایک ماہ کے اندر پورٹل پر پیش رفت اور اب تک کیے گئے عملی اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ پیش کی جائے، تاکہ منصوبے پر عمل درآمد کا جائزہ لیا جا سکے۔
