سیکرٹری زراعت خیبرپختونخوا ڈاکٹر محمد بختیار خان سے عالمی ادارہ خوراک و زراعت کے کنٹری ڈائریکٹر جیمز اوتھ کی قیادت میں ایک وفد نے منگل کے روز ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر محکمہ زراعت کے مختلف شعبہ جات کے ڈائریکٹرز سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔بعد ازاں صوبائی حکومت اور عالمی ادارہ خوراک و زراعت کے باہمی اشتراک سے متعلق ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے میں جاری مختلف زرعی منصوبوں، ان کی پیش رفت اور تعاون کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس کے دوران کنٹری ڈائریکٹر نے خیبرپختونخوا میں قدرتی آفات سے متاثرہ علاقوں میں زرعی فصلوں کے تحفظ، فی ایکڑ پیداوار میں اضافے اور جدید زرعی ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے صوبائی حکومت کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری زراعت ڈاکٹر محمد بختیار خان نے صوبے میں زرعی ترقی،بالخصوص زمینداروں کو سہولیات کی فراہمی کے لیے عالمی ادارہ خوراک و زراعت کے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اس تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور امید رکھتی ہے کہ یہ اشتراک آئندہ دنوں میں مزید مؤثر اور نتیجہ خیز ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ شعبہ زراعت موجودہ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ایک اہم شعبہ ہے، کیونکہ زراعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اس شعبے کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔
سیکرٹری زراعت نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ اور صوبائی حکومت کے ویژن کے مطابق صوبے میں زرعی شعبے میں جدت لانے، زمین کی پیداواری استعداد بڑھانے اور زمینداروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے متعدد اہم منصوبوں پر کام جاری ہے۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے صوبے میں زرعی شعبہ جدید خطوط پر استوار ہوگا اور خیبرپختونخوا زرعی پیداوار میں خود کفالت کی جانب تیزی سے گامزن ہوگا۔
