سیکرٹری زراعت ڈاکٹر محمد بختیار خان نے کہا ہے کہ زرعی یونیورسٹی پشاور صوبے اور ملک کی زرعی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے

سیکرٹری زراعت ڈاکٹر محمد بختیار خان نے کہا ہے کہ زرعی یونیورسٹی پشاور صوبے اور ملک کی زرعی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ جامعہ تحقیقی اداروں، توسیعی شعبوں اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ باہمی روابط کو مزید مؤثر بنائے۔ موجودہ دورکی نئی سوچ، جدت اور اختراع کا دور ہے اور نوجوان نسل ہی قوم کا حقیقی سرمایہ ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار زرعی یونیورسٹی پشاور کے دورہ کے دوران کیا۔زرعی یونیورسٹی پشاور پہنچنے پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سرزمین خان نے ڈینز، رجسٹرار، شعبہ جات کے سربراہان اور انتظامی افسران کے ہمراہ سیکرٹری زراعت کا پرتپاک استقبال کیا۔ اوررجسٹرار ڈاکٹر رضوان احمد نے معزز مہمان کو یونیورسٹی کی مختلف فیکلٹیز اور جاری تدریسی و تحقیقی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی ۔انسٹیٹیوٹ آف بائیو ٹیکنالوجی اینڈ جینیٹک انجینئرنگ کی قومی معیشت میں خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا گیا کہ ادارے نے اب تک کینولا کی پانچ اور گندم کی تین ایسی اقسام متعارف کروائی ہیں جو زیادہ پیداوار کے ساتھ بیماریوں کے خلاف بہتر قوتِ مدافعت رکھتی ہیں اور کسانوں میں مقبول ہو رہی ہیں۔ سیکرٹری زراعت ڈاکٹر بختیار نے جدید تحقیق، اختراع، نئی ٹیکنالوجی، ماحول دوست زراعت، نامیاتی خوراک، ٹنل فارمنگ، ویلیو ایڈیشن، حیاتیاتی زرعی ادویات اور حیاتیاتی کھادوں کے فروغ کی ضرورت پر بھی زور دیا۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سرزمین خان نے اس موقع پر کہا کہ زرعی یونیورسٹی پشاور زراعت، لائیو سٹاک اور دیگر اہم شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دے رہی ہے جبکہ جامعہ کے فارغ التحصیل طلبہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر اہم ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ سیکرٹری زراعت کو جامعہ تحقیقی فارم میں جاری تحقیقی و زرعی سرگرمیوں سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ رواں سال تحقیقی فارم میں “تراب رہبر” قسم کی گندم کاشت کی گئی ہے۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت ڈاکٹر محمد بختیار خان نے فیتہ کاٹ کر گندم کی کٹائی مہم کا افتتاح کیا۔علاوہ ازیں سیکرٹری زراعت نے جامعہ کی یوتھ اینٹی نارکوٹکس سوسائٹی کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب بعنوان “کیمپس اور گرینڈ ایکسپو میں منشیات کی روک تھام کی حکمتِ عملیاں” میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد بختیار خان نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنے قیمتی وقت کو ضائع کرنے کے بجائے اپنی صلاحیتوں اور مہارتوں کو نکھاریں تاکہ عملی زندگی میں کامیابی حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور نئی سوچ، جدت اور اختراع کا دور ہے اور نوجوان نسل ہی قوم کا حقیقی سرمایہ ہے۔ بعدازاں سیکرٹری زراعت نے وائس چانسلر اور دیگر افسران کے ہمراہ نمائش میں قائم مختلف سٹالز کا معائنہ کیا۔ تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سرزمین خان نے سیکرٹری زراعت ڈاکٹر محمد بختیار خان کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔

مزید پڑھیں