خیبر پختونخوا کے کھلاڑیوں کی قومی اور بین الاقوامی سطح پر شاندار کارکردگی قابلِ فخر ہے

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے کھیل تاج محمد خان ترند نے کہا ہے کہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر خیبر پختونخوا کے کھلاڑیوں کی کارکردگی انتہائی قابلِ فخر ہے۔ ہر قومی و بین الاقوامی ایونٹ میں میڈلز جیت کر یہ کھلاڑی نہ صرف صوبے بلکہ ملک و قوم کا نام بھی روشن کر رہے ہیں۔ صوبائی حکومت کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود اور انہیں ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔وہ خیبر پختونخوا بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ساﺅتھ ایشین ریجنل بیڈمنٹن چیمپئن شپ میں میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سپورٹس تاشفین حیدر، ریجنل سپورٹس آفیسر کاشف فرحان، چیف کوچ شفقت اللہ، پراجیکٹ ڈائریکٹر ارباب فیض، خیبر پختونخوا بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے سیکرٹری میاں صداقت شاہ، پشاور سپورٹس کمپلیکس کے ایڈمنسٹریٹر یوسف آفریدی اور ایسوسی ایشن کے دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔
مشیر کھیل نے اس امید کا اظہار کیا کہ کھلاڑی اپنی محنت اور تسلسل کے ساتھ کامیابیوں کا سفر جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔ نیشنل گیمز میں میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں میں اڑھائی کروڑ روپے سے زائد کے نقد انعامات تقسیم کیے گئے ہیں، اور حکومت مستقبل میں بھی کھلاڑیوں کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔قبل ازیں مشیر کھیل نے ساﺅتھ ایشین بیڈمنٹن چیمپئن شپ میں میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں حسنین، محمد زید، فہد احمد، عمر جہانگیر، محمد حاشر شاہ، قاری محمد عمر اور دیگر عالمی مقابلوں میں شاندار کارکردگی دکھانے والے شبیر، سمیع خان اور قاری محمد عدنان میں انعامات تقسیم کیے۔ حکومت کی جانب سے گولڈ میڈلسٹ کھلاڑیوں کے لیے ایک ایک لاکھ روپے، سلور میڈلسٹ کے لیے 75، 75 ہزار روپے اور برونز میڈلسٹ کے لیے 50، 50 ہزار روپے انعام کا اعلان کیا گیا۔
اس کے علاوہ کوچز ندیم خان، بشریٰ خان، ملک فراز اور حیات اللہ کو بھی انعامات سے نوازا گیا۔ساﺅتھ ایشین بیڈمنٹن چیمپئن شپ میں قومی ٹیم میں خیبر پختونخوا کے چھ کھلاڑی شامل تھے جنہوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر پانچ گولڈ، پانچ سلور اور چار برونز میڈلز حاصل کیے۔۔

مزید پڑھیں